

کاشف عباسی ,May 09 ,2026
اسلام آباد (نیوز اینڈ نیوز) وفاقی حکومت نے آئی ایم ایف کی منظوری کے بعد پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ایک بار پھر بڑا اضافہ کر دیا ہے، جس کے تحت پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں تقریباً 15 روپے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے۔
حکومت کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی نئی قیمت 414 روپے 78 پیسے فی لیٹر مقرر کر دی گئی ہے، جس کا اطلاق فوری طور پر ہوگا۔ نئی قیمتیں 15 مئی تک نافذ العمل رہیں گی۔
رپورٹس کے مطابق عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی کے باوجود حکومت نے پیٹرولیم لیوی میں تقریباً 20 روپے فی لیٹر اضافہ کیا، جس کے باعث عوام کو ریلیف ملنے کے بجائے مزید مہنگائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ موجودہ ٹیکس شرح برقرار رہتی تو پیٹرول کی قیمت میں تقریباً 4 روپے جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 6 روپے فی لیٹر کمی ممکن تھی، تاہم اضافی ریونیو حاصل کرنے کیلئے قیمتیں بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا۔
یہ فیصلہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ نے پاکستان کیلئے 1.2 ارب ڈالر کی قسط کی منظوری دی ہے۔
واضح رہے کہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کو مہنگائی میں اضافے کی بڑی وجہ سمجھا جاتا ہے کیونکہ مال برداری، ٹرانسپورٹ اور زرعی شعبے میں اس کا استعمال زیادہ ہوتا ہے، جس کے باعث قیمتوں میں اضافے کے اثرات براہ راست عوام تک پہنچتے ہیں۔