

محمود احمد جمعہ 1 مئی 2026
آسٹن: امریکہ کی ریاست ٹیکساس میں ایچ ون بی ویزا پروگرام کے ممکنہ غلط استعمال کا بڑا معاملہ سامنے آیا ہے، جس کے بعد تقریباً 30 کمپنیوں کے خلاف تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔
ریاستی حکام کے مطابق ان کمپنیوں پر الزام ہے کہ وہ غیر ملکی ملازمین کو امریکہ لانے کے لیے ویزا پروگرام کا ناجائز فائدہ اٹھا رہی تھیں۔ اس حوالے سے ٹیکساس کے اٹارنی جنرل کے دفتر نے باضابطہ تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔
ابتدائی معلومات کے مطابق بعض کمپنیوں نے مبینہ طور پر “گھوسٹ آفسز” یعنی فرضی دفاتر قائم کر رکھے تھے۔ ان دفاتر کے پتے رہائشی گھروں، خالی عمارتوں یا ایسی جگہوں پر ظاہر کیے گئے جہاں حقیقت میں کوئی کاروباری سرگرمی موجود نہیں تھی۔
حکام کا کہنا ہے کہ یہ کمپنیاں دستاویزات میں خود کو فعال ظاہر کر کے ویزا اسپانسر کرتی تھیں، جبکہ حقیقت میں نہ تو وہاں ملازمتیں موجود تھیں اور نہ ہی کوئی عملی کاروبار چل رہا تھا۔
سرکاری بیان میں خبردار کیا گیا ہے کہ اگر تحقیقات میں الزامات ثابت ہو گئے تو متعلقہ کمپنیوں کو بھاری جرمانوں، کاروباری لائسنس کی منسوخی اور دیگر قانونی کارروائیوں کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، جبکہ ان کے ذریعے امریکہ آنے والے ویزا ہولڈرز کو بھی پیچیدہ قانونی مسائل پیش آ سکتے ہیں۔