بنوں میں دہشتگردوں کا بڑا حملہ، خودکش دھماکے میں 15 اہلکار شہید

محمود احمد May10,2026

10,May 2026 (نیوز اینڈ نیوز)

بنوں: خیبرپختونخوا کے ضلع بنوں میں دہشتگردوں نے فتح خیل پولیس چوکی پر بارود سے بھری گاڑی ٹکرا کر خودکش حملہ کر دیا، جس کے نتیجے میں 15 اہلکار شہید جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق دھماکے سے پولیس چوکی کی عمارت شدید متاثر ہوئی اور کئی اہلکار ملبے تلے دب گئے، تاہم ریسکیو ٹیموں نے کارروائی کرتے ہوئے تین اہلکاروں کو ملبے سے زندہ نکال لیا۔ شہداء میں رحمت ایاز، ثناء اللہ، نیاز علی، صحیب، سعداللہ، کامران ولد محمود خان، نعمت اللہ، کامران، عابد جانی، عمران، نعیم اللہ، صدیق اللہ، میر عالم خان، راحت اللہ خان اور فاروق داد شامل ہیں۔ سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن تاحال جاری ہے۔

ڈی آئی جی بنوں ریجن سجاد خان نے ڈی ایچ کیو اسپتال کا دورہ کرکے زخمی اہلکاروں کی عیادت کی۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بنوں پولیس کے حوصلے بلند ہیں اور دہشتگرد اپنے ناپاک عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ یہ دہشتگردوں کی آخری بزدلانہ کارروائی ثابت ہوگی اور بنوں پولیس دہشتگردوں کو چن چن کر انجام تک پہنچائے گی۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے قیمتی جانی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے شہداء کے درجات کی بلندی اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کیلئے دعا کی۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ صرف خیبرپختونخوا نہیں بلکہ پورے ملک کی جنگ ہے، جبکہ خیبرپختونخوا پولیس نے دہشتگردی کے خلاف صف اول میں رہ کر عظیم قربانیاں دی ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جانے دی جائیں گی اور دہشتگردی کے ناسور کا خاتمہ کرکے دم لیا جائے گا۔