

اسلام آباد (نیوز اینڈ نیوز) کاشف عباسی ،٠7 مئی 2026
اسلام آباد (نیوز اینڈ نیوز) قطر کے وزیراعظم اور وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمن بن جاسم آل ثانی نے وزیراعظم شہباز شریف سے ٹیلیفونک رابطہ کیا، جس میں خطے کی موجودہ صورتحال اور مشرقِ وسطیٰ میں امن و استحکام سے متعلق اہم امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کے مطابق دونوں رہنماؤں کے درمیان ہونے والی خوشگوار گفتگو میں خطے میں پائیدار امن کے قیام کیلئے جاری سفارتی کوششوں کو مزید آگے بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے 16 اپریل کو دوحہ کے اپنے حالیہ دورے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ امیرِ قطر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی اور قطری قیادت کے ساتھ ملاقاتیں خطے میں امن کے فروغ کیلئے نہایت مفید ثابت ہوئیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستانی عوام امیرِ قطر کے جلد دورۂ پاکستان کے منتظر ہیں اور یہ دورہ دونوں برادر ممالک کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔
قطر کے وزیراعظم نے مشرقِ وسطیٰ میں امن و سلامتی کیلئے پاکستان کی مسلسل سفارتی کوششوں کو سراہتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ قطر، پاکستان کی قیادت میں جاری سفارتی اقدامات کی مکمل حمایت جاری رکھے گا۔ دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے امور پر قریبی رابطے اور مشاورت جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا۔