

2026 منصور احمد 06 مئی
لاہور (نیوز اینڈ نیوز): پاکستان میں کرکٹ شائقین کے لیے بڑی خوشخبری سامنے آئی ہے، جہاں رواں سال اکتوبر اور نومبر میں سہہ فریقی ون ڈے سیریز کے انعقاد کی راہ ہموار ہو گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق سری لنکا کرکٹ ٹیم نے پاکستان کے دورے کے دوران سہہ ملکی ون ڈے سیریز کھیلنے کی تصدیق کر دی ہے، جبکہ انگلینڈ کرکٹ ٹیم پہلے ہی اس ایونٹ میں شرکت پر آمادگی ظاہر کر چکی ہے۔
اطلاعات کے مطابق تین ملکی ون ڈے سیریز کے شیڈول کو آئندہ چند ہفتوں میں حتمی شکل دیے جانے کا امکان ہے، جس کے بعد میچز کے مقامات اور مکمل شیڈول کا اعلان کیا جائے گا۔
ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ سری لنکا کرکٹ ٹیم پاکستان کے دورے کے دوران سہہ ملکی سیریز سے قبل تین ٹی ٹوئنٹی میچز بھی کھیلے گی، جس سے سیریز مزید دلچسپ ہونے کی توقع ہے۔
فیوچر ٹور پروگرام کے مطابق ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے تحت پاکستان اور سری لنکا کی ٹیموں کے درمیان دو ٹیسٹ میچز بھی شیڈول ہیں، جس سے پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ سرگرمیوں میں مزید اضافہ متوقع ہے۔