پاکستان کا دفاع ناقابلِ تسخیر، دشمن کی ہر جارحیت کا بھرپور جواب دیں گے: فیلڈ مارشل عاصم منیر

محمود احمد May10,2026

راولپنڈی (نیوز اینڈ نیوز) فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ آج پاکستان کا دفاع مکمل طور پر ناقابلِ تسخیر ہے اور ملک کا مستقبل روشن اور تابناک ہاتھوں میں ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ بھارت ایک بار پھر دہشتگردی کا سہارا لے رہا ہے، تاہم دشمن جان لے کہ آئندہ کسی بھی مہم جوئی کے اثرات انتہائی خطرناک، دور رس اور تکلیف دہ ہوں گے۔

معرکۂ حق کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج ہر خطرے سے نمٹنے کیلئے مکمل طور پر تیار ہیں اور قوم کے تحفظ کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہر پاکستانی کے خون کے ایک ایک قطرے کا حساب لیا جائے گا اور دشمن کی ہر سازش کو ناکام بنایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ معرکۂ حق نے دنیا پر واضح کر دیا کہ پاکستان ایک مضبوط، متحد اور باوقار ریاست ہے جو اپنے دفاع اور خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی۔ فیلڈ مارشل نے پاک افواج کی پیشہ ورانہ مہارت، قربانیوں اور قوم کے اتحاد کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی قوم ہر مشکل وقت میں اپنی افواج کے شانہ بشانہ کھڑی رہی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان امن چاہتا ہے، لیکن اگر کسی نے جارحیت مسلط کرنے کی کوشش کی تو اس کا جواب پوری قوت اور عزم کے ساتھ دیا جائے گا۔