
10,May 2026 (نیوز اینڈ نیوز)
اسلام آباد, پاکستان تحریک انصاف نے 9 مئی 2023ء کو پاکستان کی سیاسی تاریخ کے سیاہ ترین دنوں میں سے ایک قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ ان واقعات کی شفاف، غیرجانبدار اور آزادانہ تحقیقات کیلئے ایک بااختیار عدالتی کمیشن قائم کیا جائے۔
تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم نے اپنے بیان میں کہا کہ بانی چیئرمین عمران خان کی اسلام آباد ہائی کورٹ کے احاطے سے گرفتاری نہ صرف عدلیہ کے تقدس کی خلاف ورزی تھی بلکہ اس نے ریاستی جبر اور آمریت کی خطرناک مثال قائم کی۔
انہوں نے کہا کہ 9 مئی کے واقعات کی حقیقت سامنے لانے، ذمہ داران کا تعین کرنے اور انصاف کی فراہمی کیلئے سپریم کورٹ کے حاضر سروس سینئر ججز پر مشتمل عدالتی کمیشن فوری طور پر تشکیل دیا جائے۔
شیخ وقاص اکرم نے سی سی ٹی وی فوٹیج غائب ہونے پر بھی شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اہم شواہد کا منظرعام پر نہ آنا تحقیقات کی شفافیت پر سوالیہ نشان ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ 9 مئی سے متعلق تمام سی سی ٹی وی فوٹیجز فوری طور پر عوام کے سامنے لائی جائیں۔
انہوں نے عمران خان، بشریٰ بی بی اور 9 مئی کے بعد گرفتار ہونے والے تمام کارکنوں، خصوصاً خواتین، کی فوری رہائی کا مطالبہ بھی کیا۔
دوسری جانب تحریک تحفظ آئین پاکستان کے ترجمان حسین احمد یوسفزئی نے بھی کہا کہ 9 مئی کے واقعات کو سیاسی مخالفین کے خلاف کارروائیوں کیلئے جواز کے طور پر استعمال کیا گیا، جس سے جمہوری آزادیوں، انسانی حقوق اور سیاسی عمل کو شدید نقصان پہنچا۔