پاکستان اور چین کے درمیان بڑی معاشی پیشرفت، اربوں ڈالر کے نئے معاہدوں کی تیاری

اسلام آباد (نیوز اینڈ نیوز)  این این آئی۔ 08 مئی2026ء: پاکستان اور چین کے درمیان تجارتی و معاشی تعاون میں بڑی پیشرفت سامنے آئی ہے، جہاں 52 رکنی اعلیٰ سطحی چینی تجارتی وفد پاکستان پہنچ گیا ہے۔ وفد کے دورے کے دوران اربوں ڈالر کے معاہدوں اور اہم کاروباری شراکت داریوں کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

ذرائع کے مطابق چینی وفد 8 مئی سے 14 مئی تک پاکستان میں مختلف حکومتی و کاروباری شخصیات سے ملاقاتیں کرے گا، جبکہ سرمایہ کاری، صنعت، توانائی، انفراسٹرکچر اور ٹیکنالوجی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بات چیت ہوگی۔

حکام کا کہنا ہے کہ اس دورے سے پاکستان اور چین کے درمیان اقتصادی تعلقات مزید مضبوط ہوں گے اور دونوں ممالک کے درمیان نئے تجارتی مواقع پیدا ہوں گے۔ وفد کے دورے کو پاک چین اقتصادی تعاون کے حوالے سے اہم پیشرفت قرار دیا جا رہا ہے۔