

کاشف عباسی ,May 13 ,2026
اسلام آباد، نیوز اینڈ نیوز:
پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (پی ایم ڈی سی) نے بیرونِ ملک میڈیکل اور ڈینٹل تعلیم حاصل کرنے کے خواہشمند طلبہ کو ہدایت کی ہے کہ وہ بیرونِ ملک روانگی سے قبل میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج ایڈمیشن ٹیسٹ (ایم ڈی کیٹ) پاس کریں اور اپنی رجسٹریشن لازمی مکمل کروائیں۔
پی ایم ڈی سی کے مطابق یہ اقدام پاکستان میں طبی تعلیم کے معیار کو بہتر بنانے اور طلبہ کے تعلیمی ریکارڈ کو منظم بنانے کے لیے کیا جا رہا ہے۔ کونسل کا کہنا ہے کہ بیرونِ ملک میڈیکل تعلیم حاصل کرنے والے طلبہ کی رجسٹریشن مستقبل میں ان کی ڈگریوں کی تصدیق اور پیشہ ورانہ معاملات میں معاون ثابت ہوگی۔
اعلامیے میں بتایا گیا کہ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی سربراہی میں قائم کمیٹی ملک میں میڈیکل اور ڈینٹل تعلیم کے ریگولیٹری فریم ورک کو مزید مؤثر بنانے کے عمل کی نگرانی کر رہی ہے۔
اس سلسلے میں پی ایم ڈی سی کی ذیلی کمیٹی برائے ایکریڈیشن کا ایک اہم اجلاس بھی منعقد ہوا، جس میں جاری اصلاحات، ایکریڈیشن کے نظام اور رجسٹریشن کے عمل کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ طبی تعلیم کے شعبے میں شفافیت، معیار اور آسان رجسٹریشن کے نظام کو یقینی بنایا جائے۔
پی ایم ڈی سی حکام کے مطابق اصلاحات کا مقصد نہ صرف ملکی سطح پر طبی تعلیم کے معیار کو بہتر بنانا ہے بلکہ بیرونِ ملک تعلیم حاصل کرنے والے پاکستانی طلبہ کے لیے ایک واضح اور منظم ریگولیٹری نظام فراہم کرنا بھی ہے۔