

کاشف عباسی ,May 13 ,2026
اسلام آباد، نیوز اینڈ نیوز:
وزیراعظم شہباز شریف نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ کسانوں کو بروقت اور بلا تعطل کھاد کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے تاکہ ملک کی غذائی سلامتی کو محفوظ رکھا جا سکے۔
وزیراعظم نے وفاقی دارالحکومت میں غذائی تحفظ اور کھاد کے ذخائر سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ زرعی شعبے کی ضروریات پوری کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے، کیونکہ قومی غذائی سلامتی کا انحصار مضبوط زرعی نظام پر ہے۔
اجلاس کے دوران وزیراعظم نے متعلقہ وزارتوں اور اداروں کو ہدایت دی کہ خلیجی ممالک سے سپلائی چین میں ممکنہ رکاوٹوں کے پیش نظر وسطی ایشیائی ممالک سے متبادل کھاد درآمد کرنے کے امکانات اور ہنگامی منصوبوں پر کام کیا جائے۔
شہباز شریف نے خریف اور ربیع سیزن کے لیے کھاد کے وافر ذخائر یقینی بنانے پر زور دیتے ہوئے مقامی سطح پر کھاد کی پیداوار بڑھانے کے منصوبوں کو تیز کرنے کی بھی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ نئے پلانٹس کی تنصیب سے مقامی پیداوار میں اضافہ ہوگا اور درآمدی انحصار کم کیا جا سکے گا۔
وزیراعظم نے مصنوعی قلت اور ذخیرہ اندوزی کے خلاف سخت کارروائی کی بھی ہدایت کی تاکہ کسانوں کا استحصال روکا جا سکے اور مارکیٹ میں کھاد کی فراہمی مستحکم رہے۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ ملک میں کھاد کی سپلائی صورتحال کا مسلسل جائزہ لیا جا رہا ہے اور کسانوں کو بروقت فراہمی یقینی بنانے کے لیے مختلف اقدامات کیے جا رہے ہیں۔