پاکستان میرین اکیڈمی کو ‘ڈگری ایوارڈنگ انسٹیٹیوٹ’ کا درجہ دینے کا فیصلہ، بل جلد اسمبلی میں پیش ہوگا، وفاقی وزیر جنید انوار چوہدری

منصور احمد ,May 14,2026

اسلام آباد/کراچی (نیوز اینڈ نیوز): وفاقی وزیر بحری امور محمد جنید انوار چوہدری نے پاکستان میرین اکیڈمی کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے بڑے پیمانے پر اصلاحات کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اکیڈمی کو ڈگری دینے والے ادارے کا درجہ دینے کے لیے بل جلد قومی اسمبلی میں پیش کیا جائے گا۔

اکیڈمی کا دورہ اور اہم بریفنگ کراچی میں پاکستان میرین اکیڈمی کے دورے کے موقع پر وفاقی وزیر کو قائم مقام کمانڈنٹ محمد آصف فاروق نے ادارے کی ترقی اور جاری تربیتی پروگرامز پر تفصیلی بریفنگ دی۔ وفاقی وزیر نے بتایا کہ اکیڈمی کو ڈگری ایوارڈنگ انسٹیٹیوٹ بنانے کے حوالے سے تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مشاورت مکمل ہو چکی ہے اور قانونی منظوری کے لیے بل جلد اسمبلی کے سامنے رکھا جائے گا۔

میری ٹائم سیکٹر میں اصلاحات اور تربیت بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ وزیر اعظم کے میری ٹائم اصلاحاتی اقدامات کے تحت کراچی پورٹ ٹرسٹ، پورٹ قاسم اور گوادر پورٹ اتھارٹی کے اہلکاروں کو فائر فائٹنگ اور نومبر 2025 میں ہونے والے ‘نیوی ٹرینر پروفیشنل 5000’ جیسے اہم کورسز کی خصوصی تربیت فراہم کی گئی ہے۔ مزید برآں، اکیڈمی کے 14 انسٹرکٹرز کو کوالیفائیڈ ٹرینرز کا درجہ مل چکا ہے جس سے تربیتی معیار میں مزید بہتری آئی ہے۔

ترقیاتی منصوبوں کے لیے خطیر فنڈز اکیڈمی میں جاری ترقیاتی کاموں کے لیے 42 کروڑ 10 لاکھ روپے کی مالی معاونت کراچی پورٹ ٹرسٹ، پورٹ قاسم اتھارٹی اور پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن کے ‘کارپوریٹ سوشل رسپانسبلٹی’ (CSR) فنڈز کے ذریعے حاصل کی جائے گی۔

بلوچستان کے طلبہ کے لیے خصوصی ہدایات وفاقی وزیر نے ہدایت دی کہ اکیڈمی کے تربیتی پروگرامز کا دائرہ کار بلوچستان کے طلبہ تک بڑھایا جائے اور اس سلسلے میں ‘نیوٹیک’ (NAVTTC) اور بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سے بھی مدد لی جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اکیڈمی کی اپ گریڈیشن کا مقصد عالمی ضروریات کے مطابق ہنر مند افرادی قوت تیار کرنا ہے تاکہ پاکستان کا میری ٹائم شعبہ بین الاقوامی سطح پر مقابلہ کر سکے۔