شاہین آفریدی نے 400 بین الاقوامی وکٹیں مکمل کر کے نئی تاریخ رقم کر دی پاکستانی فاسٹ بولرز کی ایلیٹ فہرست میں شامل

محمود احمد May11,2026

ڈھاکا (نیوز اینڈ نیوز) پاکستان کے مایہ ناز فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی نے بنگلہ دیش کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ کے دوران اپنے بین الاقوامی کیریئر کی 400 ویں وکٹ حاصل کرکے ایک اور بڑا اعزاز اپنے نام کر لیا۔

شاہین شاہ آفریدی نے شیرِ بنگلہ نیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے ٹیسٹ میچ کے چوتھے روز بنگلہ دیش کے بلے باز مومن الحق کو آؤٹ کر کے یہ تاریخی سنگ میل عبور کیا۔ وہ یہ اعزاز حاصل کرنے والے پاکستان کے پانچویں فاسٹ باؤلر اور مجموعی طور پر نویں پاکستانی بولر بن گئے ہیں۔

اس کامیابی کے بعد شاہین شاہ آفریدی پاکستان کے لیجنڈری فاسٹ بولرز عمران خان، وسیم اکرم اور وقار یونس جیسے عظیم کھلاڑیوں کی صف میں شامل ہو گئے ہیں۔

بائیں ہاتھ کے پیسر نے صرف 211 اننگز میں 400 بین الاقوامی وکٹیں مکمل کیں اور وہ اب پاکستان کی جانب سے تینوں فارمیٹس میں سب س زیادہ وکٹیں لینے والے بولرز کی فہرست میں نویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔

پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ بین الاقوامی وکٹیں لینے والے بولرز:

وسیم اکرم — 916 وکٹیں
وقار یونس — 789 وکٹیں
عمران خان — 544 وکٹیں
شاہد آفریدی — 538 وکٹیں
ثقلین مشتاق — 496 وکٹیں
سعید اجمل — 447 وکٹیں
شعیب اختر — 438 وکٹیں
عمر گل — 427 وکٹیں
شاہین شاہ آفریدی — 400 وکٹیں*

شاہین شاہ آفریدی کی اس شاندار کامیابی پر کرکٹ شائقین اور سابق کھلاڑیوں کی جانب سے انہیں بھرپور خراجِ تحسین پیش کیا جا رہا ہے۔