یونائٹیڈ کونسل آف چرچز کے زیر اہتمام یومِ معرکۂ حق ریلی، افواجِ پاکستان کو خراجِ تحسین

منصور احمد ,May 11,2026

اسلام آباد (نیوز اینڈ نیوز) یومِ معرکۂ حق “آپریشن بنیان المرصوص” کا ایک سال مکمل ہونے پر یونائٹیڈ کونسل آف چرچز کے زیر اہتمام اسلام آباد میں ایک پُرجوش ریلی کا انعقاد کیا گیا، جس میں مسیحی برادری نے بھرپور انداز میں افواجِ پاکستان سے یکجہتی کا اظہار کیا۔

ریلی کی قیادت یونائٹیڈ کونسل آف چرچز کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر پاسٹر سمیسن سہیل نے کی، جبکہ یو جی اے چرچ کی ایگزیکٹو باڈی، سینئر پاسٹر عنایت جلال، پاسٹر مشتاق غفور، پاسٹر افضال بھٹی، پاسٹر ایمانوئل رفیق، پاسٹر اشر جان، بشپ جاوید صدیق سمیت مسیحی خواتین، بچوں، بزرگوں اور نوجوانوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔

شرکاء نے قومی پرچم اٹھا رکھے تھے اور “پاکستان زندہ باد”، “پاک فوج پائندہ باد” اور “معرکۂ حق کامیاب رہے” کے نعرے لگاتے رہے۔ ریلی کے شرکاء نے افواجِ پاکستان کی قربانیوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا اور ملکی سلامتی، امن اور استحکام کیلئے خصوصی دعائیں بھی کیں۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پاسٹر سمیسن سہیل نے کہا کہ پاکستانی مسیحی برادری ہمیشہ ملک کی سلامتی، اتحاد اور ترقی کیلئے افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یومِ معرکۂ حق قومی یکجہتی، قربانی اور حب الوطنی کا درس دیتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ “ہم افواجِ پاکستان کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے ہر مشکل وقت میں وطن عزیز کے دفاع کو یقینی بنایا۔ پاکستانی مسیحی قوم ملک کی ترقی، امن اور استحکام کیلئے متحد ہے اور ہمیشہ اپنی افواج کے ساتھ کھڑی رہے گی۔”

پاسٹر سمیسن سہیل کا کہنا تھا کہ پاکستان تمام اقلیتوں کا مشترکہ وطن ہے اور مسیحی برادری ہر مشکل گھڑی میں ملک و قوم کے ساتھ کھڑی رہے گی۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار بھی کیا کہ مسیحی برادری ملک میں امن، بھائی چارے، انسانی خدمت اور قومی یکجہتی کے فروغ کیلئے اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔

ریلی کے اختتام پر پاکستان کی خوشحالی، امن اور قومی اتحاد کیلئے خصوصی دعا کی گئی۔