غضب للحق دہشتگردی کے خلاف قومی حکمتِ عملی کا حصہ، آخری دہشتگرد کے خاتمے تک جنگ جاری رہے گی

اسلام آباد (نیوز اینڈ نیوز) منصور احمد، مئی 2026

راولپنڈی (نیوز اینڈ نیوز) ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ آپریشن “غضب للحق” دہشتگردی کے خلاف قومی ردعمل کا اہم حصہ ہے اور پاک فوج آخری دہشتگرد کے خاتمے تک جنگ جاری رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا واضح مطالبہ ہے کہ افغانستان کی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال نہ ہونے دی جائے۔

معرکہ حق کے ایک سال مکمل ہونے پر پاک فضائیہ اور پاک بحریہ کے افسران کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دہشتگردوں کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں، اگرچہ ان کا حلیہ اسلامی نظر آتا ہے لیکن ان کے نظریات اور اقدامات اسلام کے منافی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردی اور بیانیے کی جنگیں طویل ہوتی ہیں اور وقت لیتی ہیں، تاہم پاکستان ہر محاذ پر دشمن کا مقابلہ کرنے کیلئے تیار ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ معرکہ حق میں پاکستان کی مسلح افواج نے قوم کی توقعات پر پورا اترتے ہوئے اپنے سے کئی گنا بڑے دشمن کو ملٹی ڈومین وار میں شکست دی۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ بھارت پاکستان پر دہشتگردی کے الزامات لگا کر عالمی رائے عامہ کو گمراہ کرنے کی کوشش کرتا رہا، جبکہ حقیقت میں بھارت خود دہشتگردی کو بطور ریاستی ہتھیار استعمال کر رہا ہے۔

لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ تھا، ہے اور رہے گا، جبکہ کشمیری عوام کو حق خودارادیت ملنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت خطے کے عوام کی تقدیر کا فیصلہ نہیں کر سکتا اور اگر کسی کو پاکستان کی دفاعی صلاحیت پر شک ہے تو “معرکہ حق” اس کی واضح مثال ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان گہرے برادرانہ تعلقات ہیں اور حرمین شریفین کی حفاظت ہر پاکستانی کیلئے باعثِ فخر ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاک فوج کا سیاست سے کوئی تعلق نہیں اور سیاسی جماعتوں کو اپنے معاملات بات چیت سے حل کرنے چاہئیں۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ پاک فوج ہر قسم کی روایتی، غیر روایتی، سائبر اور بیانیاتی جنگ کیلئے مکمل تیار ہے، جبکہ 14 اگست کو ہونے والی خصوصی پریڈ میں پاکستان کی دفاعی صلاحیت کی جھلک بھی دکھائی جائے گی۔