دہلی اور کابل میں اب کوئی فرق نہیں رہا، دہشتگردی پر سخت مؤقف اپنائیں گے: خواجہ آصف

محمود احمد May13,2026

اسلام آباد، نیوز اینڈ نیوز:
وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ دہلی اور کابل میں اس وقت کوئی تفریق نہیں رہی، پاکستان دہشتگردی کے مسئلے پر واضح اور دوٹوک مؤقف رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی خواہش ہے کہ کابل حکومت ہمارے ساتھ بیٹھ کر بات چیت کرے تاکہ دہشتگردی کا مؤثر سدباب کیا جا سکے، تاہم اگر تعاون نہ کیا گیا تو پھر وہی پالیسی اپنائی جائے گی جو بھارت کے حوالے سے اختیار کی گئی۔

قومی اسمبلی کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ پاکستان مسلسل دہشتگردی کا سامنا کر رہا ہے اور اس کے تانے بانے سرحد پار عناصر سے ملتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت افغانستان کو بارہا باور کرایا گیا ہے کہ اپنی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال ہونے سے روکے، لیکن اگر اس معاملے میں سنجیدہ پیش رفت نہ ہوئی تو پاکستان اپنے دفاع اور سلامتی کے لیے ہر ضروری قدم اٹھائے گا۔

وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ پاکستان امن چاہتا ہے اور خطے میں استحکام کا خواہاں ہے، تاہم قومی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان نے بے شمار قربانیاں دی ہیں اور اب کسی بھی قسم کی مداخلت یا سہولت کاری برداشت نہیں کی جائے گی۔

خواجہ آصف نے مزید کہا کہ خطے میں امن کے لیے ضروری ہے کہ تمام ممالک دہشتگردی کے خاتمے کے لیے مشترکہ حکمت عملی اپنائیں اور ایک دوسرے کی خودمختاری کا احترام کریں۔

امریکا اور ایران میں کشیدگی میں اضافہ، آبنائے ہرمز بحران پر الزامات کا تبادلہ

محمود احمد May12,2026

واشنگٹن (نیوز اینڈ نیوز) — امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی مزید بڑھ گئی ہے، جہاں دونوں ممالک نے ایک دوسرے پر سخت الزامات عائد کیے ہیں۔ ایران نے کہا ہے کہ امریکا حقیقی مذاکرات کے بجائے مکمل ہتھیار ڈالنے کا مطالبہ کر رہا ہے، جبکہ امریکی حکام نے ایران پر دباؤ بڑھانے اور عسکری کامیابیوں کے دعوے کیے ہیں۔

ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا ہے کہ امریکا سے مذاکرات کے لیے جنگ بندی اور بحری ناکہ بندی کا خاتمہ بنیادی شرط ہے۔ ان کے مطابق امریکا کا رویہ ایران پر اپنی شرائط مسلط کرنے کے مترادف ہے، جبکہ آبنائے ہرمز میں کشیدگی کی ذمہ داری بھی امریکا پر عائد ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بحری ناکہ بندی بین الاقوامی قانون کے تحت اعلانِ جنگ تصور کی جاتی ہے اور ایران اس صورتحال کو سنجیدگی سے دیکھ رہا ہے۔

چین میں ایران کے سفیر نے بھی ایک بیان میں کہا کہ امریکا دباؤ ڈال کر چین اور ایران کے تعلقات کو متاثر نہیں کر سکتا، کیونکہ دونوں ممالک کے تعلقات تاریخی اور مضبوط بنیادوں پر قائم ہیں۔

دوسری جانب امریکی وزیر جنگ نے سینیٹ کمیٹی میں بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا ایران کے خلاف مختلف محاذوں پر کامیابیاں حاصل کر رہا ہے اور ایران کو اپنے عسکری نقصان کا احساس ہو چکا ہے، اسی لیے وہ مذاکرات کی طرف آ رہا ہے۔

امریکی حکام کے مطابق تنازع کا حل صرف صدر ٹرمپ کی شرائط کے مطابق ممکن ہے، اور امریکا کے پاس اپنی پوزیشن منوانے کے لیے تمام ضروری عسکری صلاحیتیں موجود ہیں۔

ادھر ایران کی پارلیمانی قومی سلامتی و خارجہ پالیسی کمیٹی کے ترجمان ابراہیم رضائی نے خبردار کیا ہے کہ اگر امریکا یا اسرائیل کی جانب سے نیا حملہ کیا گیا تو ایران یورینیئم کی 90 فیصد افزودگی سمیت دیگر آپشنز پر غور کر سکتا ہے۔

ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر باقر قالیباف نے بھی کہا ہے کہ ایران کے عوام کے حقوق کو تسلیم کیے بغیر کوئی حل ممکن نہیں، اور اس معاملے میں تاخیر سے صورتحال مزید پیچیدہ ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ ہر ناکامی کا بوجھ بالآخر امریکی ٹیکس دہندگان کو برداشت کرنا پڑے گا۔

ماہرین کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی خطے میں توانائی، تجارت اور عالمی امن کے لیے سنگین خطرات پیدا کر سکتی ہے، خصوصاً آبنائے ہرمز کی صورتحال عالمی معیشت پر براہ راست اثر ڈال سکتی ہے۔

بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ: سابق انتظامیہ نے ٹی20 ورلڈ کپ معاملہ درست طور پر ہینڈل نہیں کیا

محمود احمد May12,2026

ڈھاکا (نیوز اینڈ نیوز) — بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کی ایڈ ہاک کمیٹی کے سربراہ تمیم اقبال نے کہا ہے کہ ٹی20 ورلڈ کپ کے معاملے کو سابق بورڈ انتظامیہ نے درست انداز میں ہینڈل نہیں کیا، جس کے باعث صورتحال پیچیدہ ہو گئی۔

بھارتی میڈیا کو دیے گئے ایک انٹرویو میں تمیم اقبال نے کہا کہ وہ اس معاملے پر ابتدا ہی میں مؤقف اختیار کر چکے تھے کہ اس مسئلے کو بات چیت کے ذریعے حل کیا جا سکتا تھا، تاہم سابق انتظامیہ نے مناسب حکمت عملی اختیار نہیں کی۔

انہوں نے کہا کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے اس معاملے میں نرمی دکھائی تھی اور حل نکالنے کے مواقع موجود تھے، لیکن بدقسمتی سے ان سے فائدہ نہیں اٹھایا جا سکا۔

تمیم اقبال کے مطابق بنگلہ دیش نے باقاعدہ ڈائیلاگ کے بغیر ورلڈ کپ کی صورتحال کو آگے بڑھنے دیا، جس کے باعث ٹیم کو ایک اہم ایونٹ میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ ممکن ہے اس اسکواڈ کے کچھ کھلاڑیوں کو دوبارہ ورلڈ کپ کھیلنے کا موقع نہ ملے، جو افسوسناک ہے۔

بھارت اور بنگلہ دیش کرکٹ تعلقات پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے کرکٹ بورڈز کے درمیان اب کوئی بڑا مسئلہ نہیں ہے اور سیکیورٹی سے متعلق بھی کوئی خدشات موجود نہیں۔ ان کے مطابق بھارت کی ٹیم جب بھی بنگلہ دیش کا دورہ کرتی ہے تو اسٹیڈیم تماشائیوں سے بھر جاتے ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان سیریز شائقین کے لیے بہت دلچسپ ہوتی ہے۔

پاکستان کی جانب سے یکجہتی کے طور پر ورلڈ کپ کے بائیکاٹ سے متعلق سوال پر تمیم اقبال نے تبصرہ کرنے سے گریز کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس فیصلے کا حصہ نہیں تھے، اس لیے اس پر کوئی رائے نہیں دے سکتے، تاہم انہوں نے اعتراف کیا کہ اس صورتحال میں ورلڈ کپ کھیلنے کا موقع ضائع ہوا۔

پنجاب اسمبلی میں “معرکہِ حق” کی کامیابی پر قرارداد منظور، مسلح افواج کو خراجِ تحسین

کاشف عباسی ,May 12 ,2026

لاہور (نیوز اینڈ نیوز) — پنجاب اسمبلی میں ایک نادر سیاسی اتفاقِ رائے دیکھنے میں آیا جب ایوان نے متفقہ طور پر ایک قرارداد منظور کی جس میں “معرکہِ حق” کی کامیابی پر پاک فوج اور مسلح افواج کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔

قرارداد وزیرِ خزانہ و پارلیمانی امور مجتبیٰ شجاع الرحمن نے پیش کی، جس میں کہا گیا کہ “معرکہِ حق” میں پاکستان نے دشمن کے خلاف فیصلہ کن کامیابی حاصل کی، اور اس موقع پر مسلح افواج کی پیشہ ورانہ مہارت اور جرات کو سراہا گیا۔

قرارداد میں کہا گیا کہ یہ کامیابی صرف عسکری طاقت کا نتیجہ نہیں بلکہ اس میں پوری قوم کی یکجہتی شامل تھی، جس میں مذہبی اسکالرز، میڈیا، سول سوسائٹی اور اقلیتی برادریوں نے بھی اہم کردار ادا کیا۔

ایوان میں پیش کیے گئے متن کے مطابق پاکستان نے دشمن کو ایسی شکست دی کہ وہ پسپائی اختیار کرنے پر مجبور ہوا، اور ایوان میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ جنگیں صرف ہتھیاروں سے نہیں بلکہ حوصلے اور ایمان سے جیتی جاتی ہیں۔

اجلاس کے دوران حکومتی ارکان نے پاک فوج کے حق میں نعرے لگائے، ڈیسک بجائے اور اسے ملکی دفاع کی تاریخ کا اہم لمحہ قرار دیا۔ ارکان نے کہا کہ اس کامیابی نے قوم کے مورال کو مزید بلند کیا ہے۔

اپوزیشن ارکان نے بھی قرارداد کی حمایت کرتے ہوئے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا، تاہم انہوں نے زور دیا کہ قومی استحکام کے لیے جمہوری تسلسل، سیاسی ہم آہنگی اور عوامی مسائل کا حل بھی ضروری ہے۔

اجلاس کے اختتام پر “پاکستان زندہ باد” اور “پاک فوج پائندہ باد” کے نعرے لگائے گئے جبکہ ملک کی سلامتی اور خوشحالی کے لیے دعا بھی کی گئی

ایتھوپیا کے سفیر کا سیالکوٹ چیمبر آف کامرس کا دورہ، دوطرفہ تجارت و سرمایہ کاری کے فروغ پر زور

منصور احمد ,May 12,2026

سیالکوٹ (نیوز اینڈ نیوز) — ایتھوپیا کے ہائی کمشنر و سفیر برائے پاکستان ڈاکٹر عمر حسین اوبا نے منگل کے روز سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (SCCI) کا سرکاری دورہ کیا، جہاں ان کا پرتپاک استقبال سینئر نائب صدر مراد ارشد اور ایگزیکٹو ممبران نے کیا۔

سفیر نے سیالکوٹ کی صنعتی صلاحیت کو سراہتے ہوئے پاکستان اور ایتھوپیا کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعاون کے وسیع امکانات پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ سیالکوٹ کی انڈسٹریل طاقت دونوں ممالک کے درمیان کاروباری تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔

ڈاکٹر عمر حسین اوبا نے کہا کہ ایتھوپیا غیر ملکی سرمایہ کاروں خصوصاً پاکستانی کاروباری برادری کے لیے پرکشش مواقع فراہم کرتا ہے، جن میں بڑی آبادی، ہنر مند افرادی قوت، سستی گرین انرجی اور علاقائی منڈیوں تک رسائی شامل ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایتھوپیا میں جاری ہوم گرون اکنامک ریفارمز کے نتیجے میں سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول پیدا ہوا ہے، جس میں مختلف مراعات اور ٹیکس چھوٹ بھی شامل ہیں۔ ان اصلاحات نے معاشی عدم توازن کو بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ پیداوار اور روزگار کے مواقع میں بھی اضافہ کیا ہے۔

سفیر نے پاکستانی تاجروں کو دعوت دی کہ وہ ایتھوپیا کا دورہ کریں اور زراعت، ایگرو پروسیسنگ، مینوفیکچرنگ، کان کنی، سیاحت اور آئی سی ٹی کے شعبوں میں موجود مواقع سے فائدہ اٹھائیں۔

اس موقع پر سید احتشام مظہر نے سفیر کے دورے کو سراہتے ہوئے کہا کہ سیالکوٹ کی صنعتی برادری دونوں ممالک کے درمیان بزنس ٹو بزنس تعلقات کے فروغ میں اہم کردار ادا کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

تقریب کے اختتام پر سوال و جواب کا سیشن ہوا جس میں دوطرفہ اقتصادی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔

ISSI میں سفیر جی آر بلوچ کی کتاب کی تقریبِ رونمائی

منصور احمد ,May 12,2026

اسلام آباد (اینڈ نیوز) انسٹی ٹیوٹ آف اسٹریٹجک اسٹیڈیز اسلام آباد (آئی ایس ایس آئی) میں سفیر جی آر بلوچ کی کتاب "تیسری جہت کی پالیسی پرزم” کی تقریبِ منعقد ہوئی، جس میں سفارت کار، ماہر تعلیم، محققین اور میڈیا نمائندوں کی بڑی تعداد نے کہا۔

تقریب میں جنرل (ر) خالد نعیم لودھی، سابق سیکریٹری دفاع، سفیر مسعود خالد، ڈاکٹر منور حسین، ڈاکٹر شازیہ خالد چیمہ اور کالم نگار و اینکر فرخ پتی نے بطور مقرر شرکت کی۔

ڈائریکٹر سینٹر فار اسٹریٹجک پرسپیکٹیوز (ISSI) ڈاکٹر نیلم نگار نے اپنے ابتدائی کلمات میں سفیر جی آر بلوچ کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ انہوں نے اپنی اہم تصنیف کے اجرا کے لیے ISSI کا انتخاب کیا، جو ادارے کے لیے اعزاز کی بات ہے۔

سفیر خالد محمود نے اپنے خطاب میں کتاب کو موجودہ عالمی سیاست میں ایک اہم علمی اضافہ قرار دیا۔ ان کے مطابق آج کی دنیا جیو پولیٹیکل مقابلے، ٹیکنالوجی، معیشت اور سیکیورٹی کے نئے چیلنجز سے گزر رہی ہے، جس میں اس نوعیت کی تحقیق انتہائی اہم ہے۔

مصنف سفیر جی آر بلوچ نے کہا کہ آج کا دور “بیانیوں کی جنگ” کا دور ہے، جہاں طاقت خیالات اور بیانیے کے ذریعے منتقل ہوتی ہے۔ ان کے مطابق یہ کتاب روایتی نصابی طرز کے بجائے ایک فکری مکالمہ ہے۔

جنرل (ر) خالد نعیم لودھی نے کہا کہ کتاب میں “تیسری جہت” کے تصور کے تحت خارجہ پالیسی میں اخلاقیات اور انسانیت کو بھی شامل کیا گیا ہے، جو اسے منفرد بناتا ہے۔

سفیر مسعود خالد نے کتاب کو پاکستان کی خارجہ پالیسی کے اہم مسائل پر ایک جامع اور قابلِ فہم تجزیہ قرار دیا۔

ڈاکٹر منور حسین نے کہا کہ بین الاقوامی سیاست میں صرف طاقت نہیں بلکہ اقدار اور نظریات بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں، اور یہ کتاب اسی پہلو کو اجاگر کرتی ہے۔

ڈاکٹر شازیہ خالد چیمہ نے کہا کہ کتاب سیاسی بیانیوں، میڈیا اور ثقافتی عوامل کے ذریعے شناخت کی تشکیل کو واضح کرتی ہے۔

فرخ پتی نے کہا کہ یہ کتاب سفارتی اور تعلیمی دونوں حلقوں کے لیے اہم ہے اور اس میں جدید عالمی تبدیلیوں کو مؤثر انداز میں پیش کیا گیا ہے۔

تقریب کے اختتام پر کتاب کی باقاعدہ رونمائی کی گئی اور شرکاء میں یادگاری تحائف تقسیم کیے گئے

امریکہ ایران مذاکرات میں تعطل، پاکستان کی سفارتی کوششیں تیز

کاشف عباسی ,May 12 ,2026

اسلام آباد (نیوز اینڈ نیوز) — امریکہ اور ایران کے درمیان مذاکرات میں تعطل کے آثار نمایاں ہونے کے بعد پاکستان نے خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لیے اپنی سفارتی کوششیں مزید تیز کر دی ہیں۔ یہ صورتحال اس وقت سامنے آئی جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے تہران کی جانب سے پیش کیے گئے تصفیہ فریم ورک کو مسترد کر دیا۔

رپورٹس کے مطابق پیر کے روز خطے میں اہم سفارتی سرگرمیاں جاری رہیں جبکہ فوجی دباؤ اور دوبارہ محاذ آرائی کے خدشات بھی بڑھنے لگے ہیں۔ پاکستان اس دوران ایک باضابطہ ثالث کے طور پر مختلف ممالک کے ساتھ رابطوں میں مصروف ہے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے جواب کو “مکمل طور پر ناقابل قبول” قرار دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان اختلافات کی خلیج بہت وسیع ہے۔ فاکس نیوز کو انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے جنگ بندی کی صورتحال کو شدید خطرے میں قرار دیا اور کہا کہ یہ ایسے ہے جیسے کسی مریض کے بچنے کے امکانات صرف ایک فیصد رہ جائیں۔

ٹرمپ نے یہ بھی عندیہ دیا کہ امریکہ آبنائے ہرمز کے ذریعے گزرنے والے تیل بردار اور تجارتی جہازوں کے تحفظ کے لیے فوجی آپریشن دوبارہ شروع کرنے پر غور کر رہا ہے، تاہم اس حوالے سے ابھی حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا۔

اس صورتحال کے تناظر میں پاکستان کا دفتر خارجہ مسلسل سفارتی رابطے کر رہا ہے۔ امریکی ناظم الامور نیٹلی بیکر نے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے ملاقات کی جس میں خطے کی بدلتی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اسحاق ڈار نے سعودی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان آل سعود سے بھی ٹیلیفونک رابطہ کیا اور علاقائی استحکام کے لیے جاری سفارتی کوششوں پر گفتگو کی۔ ذرائع کے مطابق پاکستان خلیجی ممالک اور دیگر بین الاقوامی اداروں کے ساتھ بھی رابطے میں ہے تاکہ کشیدگی میں کمی لائی جا سکے۔

ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ کئی متعلقہ ممالک ایران سے رابطے کر رہے ہیں جبکہ اسلام آباد اب بھی اس معاملے میں ایک فعال ثالثی کردار ادا کر رہا ہے۔

دوسری جانب اقوام متحدہ کے ایک اہلکار نے خبردار کیا ہے کہ اگر آبنائے ہرمز میں تعطل پیدا ہوا تو عالمی سپلائی چین متاثر ہو سکتی ہے جس کے نتیجے میں دنیا بھر میں لاکھوں افراد کو خوراک اور توانائی کے بحران کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

ہرمز کشیدگی کے بعد حکومت متحرک، آئل ریفائننگ پالیسی پر عملدرآمد تیز

Screenshot

کاشف عباسی ,May 12 ,2026

اسلام آباد (نیوز اینڈ نیوز) — خلیج میں بڑھتی ہوئی کشیدگی اور آبنائے ہرمز کے ممکنہ بحران کے خدشات کے بعد حکومت نے پٹرولیم ریفائننگ پالیسی پر تیزی سے عملدرآمد شروع کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے، جس کا مقصد ملک میں ایندھن کی فراہمی کو محفوظ بنانا اور درآمدی انحصار کم کرنا ہے۔

رپورٹس کے مطابق امریکہ اور ایران کے درمیان جاری تناؤ کے باعث عالمی تیل سپلائی متاثر ہونے کے خدشات نے حکومت کو تقریباً تین سال قبل منظور کی گئی پٹرولیم ریفائننگ پالیسی دوبارہ فعال کرنے پر مجبور کر دیا ہے۔

وفاقی وزیر پٹرولیم نے کہا ہے کہ پالیسی پر عملدرآمد میں حائل رکاوٹیں دور کرنا ناگزیر ہو چکا ہے تاکہ مقامی ریفائنریز کو جدید خطوط پر اپ گریڈ کیا جا سکے۔ انہوں نے ملکی ریفائنریز کو “اہم قومی اثاثہ” قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی بہتری قومی توانائی سلامتی کے لیے ضروری ہے۔

ماہانہ ایک ارب ڈالر بچت کا دعویٰ

ایندھن کا معیار بہتر ہوگا درآمدی تیل پر انحصار کم ہوگا اور ملک کو ماہانہ تقریباً 1 ارب ڈالر تک زرمبادلہ کی بچت ممکن ہو سکے گیانہوں نے مزید کہا کہ یہ اقدامات آئی ایم ایف کے استحکام اور پائیداری کے اہداف سے بھی مطابقت رکھتے ہیں۔

ہرمز کی صورتحال کیوں اہم ہے؟

آبنائے ہرمز دنیا کی اہم ترین آئل شپنگ گزرگاہوں میں شمار ہوتی ہے جہاں سے عالمی تیل سپلائی کا بڑا حصہ گزرتا ہے۔ ماہرین کے مطابق اگر خطے میں کشیدگی مزید بڑھی یا سپلائی متاثر ہوئی تو پاکستان سمیت کئی درآمدی ممالک کو ایندھن بحران اور قیمتوں میں اضافے کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

توانائی ماہرین کا کہنا ہے کہ مقامی ریفائننگ صلاحیت میں اضافہ مستقبل میں پاکستان کو بیرونی جھٹکوں سے بچانے میں مدد دے سکتا ہے۔

وزیراعظم کی کفایت شعاری مہم میں 13 جون تک توسیع، 18ویں ترمیم کے مستقبل پر نئی بحث

کاشف عباسی ,May 12 ,2026

اسلام آباد (نیوز اینڈ نیوز) مشرق وسطیٰ میں جاری تنازع کے پیشِ نظر، وزیراعظم شہباز شریف نے پیر کے روز ملک گیر کفایت شعاری مہم میں 13 جون تک توسیع کا حکم دے دیا ہے۔
​دریں اثنا، ممکنہ 28ویں آئینی ترمیم کے حوالے سے گردش کرنے والی افواہوں کے درمیان، وزیراعظم اور ان کی ٹیم نے صدر آصف علی زرداری اور ان کے معاونین سے ملاقات کی۔ یہ ملاقات ایک ایسے وقت میں ہوئی جب پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کے اجلاس جاری تھے۔
​ملاقات میں نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار، سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق، وزیر داخلہ محسن نقوی، وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ اور سینیٹر سلیم مانڈوی والا بھی موجود تھے۔
​18ویں ترمیم کا مستقبل
ذرائع نے ‘ڈان’ کو بتایا کہ اگر 28ویں ترمیم نافذ کی گئی تو اس کا مطلب 18ویں ترمیم کا مکمل خاتمہ ہوگا، جسے 2010 میں پیپلز پارٹی کی حکومت نے متعارف کرایا تھا۔ خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ اس قانون سازی کے ذریعے صحت، آبادی، تعلیم اور معدنیات جیسے شعبے صوبوں سے واپس وفاق کو منتقل کیے جا سکتے ہیں۔
​تاہم، ایوانِ صدر سے جاری ہونے والے سرکاری اعلامیے میں اس مجوزہ قانون سازی کا کوئی ذکر نہیں کیا گیا۔ اعلامیے کے مطابق صدر اور وزیراعظم نے ملک کی مجموعی صورتحال، افغانستان سے متعلق امور اور خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔
​کفایت شعاری کے اقدامات
​کابینہ ڈویژن کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق، کفایت شعاری کے اقدامات میں درج ذیل فیصلے شامل ہیں:
​سرکاری گاڑیوں کے فیول الاؤنس میں 50 فیصد کٹوتی (ایمبولینس اور پبلک بسوں کو استثنیٰ حاصل ہوگا)۔
​60 فیصد سرکاری گاڑیوں کو کھڑا کرنے (استعمال نہ کرنے) کا فیصلہ۔
​سرکاری خرچ پر غیر ملکی دوروں پر مکمل پابندی۔

آئی پی پیز کا دور “دفن” کرنے کا دعویٰ، بجلی مزید سستی کرنے کا اعلان

Screenshot

منصور احمد ,May 11,2026

اسلام آباد (نیوز اینڈ نیوز، 11 مئی 2026) — وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری نے توانائی شعبے میں بڑے اور انقلابی اصلاحاتی اقدامات کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئی پی پیز کے پرانے نظام کو آئندہ کے لیے “دفن” کر دیا گیا ہے اور اب ملک میں بجلی کے نرخوں میں نمایاں کمی لائی جا رہی ہے۔

وزیر توانائی کے مطابق توانائی سیکٹر میں جاری اصلاحات کے بعد نہ صرف صنعت اور زراعت کے لیے بجلی کے الگ نرخ ہوں گے بلکہ دن کے اوقات میں بی-3 اور بی-4 صارفین کو 6 سے 7 روپے فی یونٹ سستی بجلی فراہم کی جائے گی۔

انہوں نے مزید دعویٰ کیا کہ حکومت کا ہدف ہے کہ بجلی کو اس قدر سستا کیا جائے کہ صارفین دن کے اوقات میں اضافی بجلی بیٹریوں میں ذخیرہ کر کے رات کے وقت استعمال کر سکیں، جس سے توانائی کے استعمال میں انقلابی تبدیلی آئے گی۔

اویس لغاری نے کہا کہ حکومت نجی کمپنیوں کو اسمارٹ میٹرنگ سسٹم لانے کی اجازت دے رہی ہے جبکہ کوشش کی جا رہی ہے کہ کوئی بھی خراب میٹر تین ماہ سے زیادہ فعال نہ رہے تاکہ صارفین کو بلنگ میں مشکلات کا سامنا نہ ہو۔

ان کا کہنا تھا کہ توانائی شعبے میں 20 سے 25 اصلاحاتی اقدامات پر کام شروع ہو چکا ہے۔ اس کے علاوہ ملک میں کلین انرجی کی شرح گزشتہ سال 55 فیصد رہی جبکہ ہدف ہے کہ 2036 تک یہ شرح 96 فیصد تک پہنچ جائے۔

وزیر توانائی نے یہ بھی بتایا کہ سرکلر ڈیٹ جو پہلے 2400 ارب روپے تھا، اسے کم کر کے 1600 ارب روپے تک لایا گیا ہے اور آئندہ دو سے تین سال میں اس کے مکمل خاتمے کا منصوبہ ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کے منصوبے کے مطابق پانچ ڈسٹری بیوشن کمپنیوں کی نجکاری اگلے سال جون تک مکمل کر لی جائے گی۔

اس سے قبل حکومت نے صنعتی صارفین کے لیے بجلی کی قیمت میں 16 روپے فی یونٹ کمی جبکہ کمرشل اور گھریلو صارفین کے لیے 8 سے 9 روپے فی یونٹ کمی کا اعلان کیا تھا۔

برطانیہ کی ایران سے منسلک تنظیموں اور جرائم پیشہ نیٹ ورکس پر نئی پابندیاں

محمود احمد May11,2026

لندن، نیوز اینڈ نیوز:
برطانیہ نے ایران سے منسلک تنظیموں اور مبینہ جرائم پیشہ نیٹ ورکس کے خلاف نئی پابندیوں کا اعلان کر دیا ہے۔ برطانوی وزارتِ خارجہ کے مطابق ان پابندیوں کا مقصد برطانیہ، یورپ اور مشرقِ وسطیٰ کی سلامتی کو مزید مضبوط بنانا اور خطے میں غیرقانونی سرگرمیوں کی روک تھام یقینی بنانا ہے۔

برطانوی حکام کا کہنا ہے کہ ایرانی ریاست سے منسلک بعض گروہ یورپ اور امریکا میں غیرقانونی سرگرمیوں، مالی جرائم اور سلامتی کے لیے خطرات پیدا کرنے میں ملوث پائے گئے ہیں۔ اسی تناظر میں متعدد افراد، تنظیموں اور نیٹ ورکس پر سفری پابندیاں، اثاثے منجمد کرنے اور مالی لین دین محدود کرنے جیسے اقدامات کیے گئے ہیں۔

وزارتِ خارجہ کے بیان میں کہا گیا کہ برطانیہ اپنے اتحادی ممالک کے ساتھ مل کر عالمی سلامتی کو درپیش خطرات کے خلاف کارروائیاں جاری رکھے گا اور کسی بھی ایسے نیٹ ورک کو برداشت نہیں کیا جائے گا جو خطے کے امن و استحکام کے لیے خطرہ بنے۔

دوسری جانب ایرانی حکام کی جانب سے فوری طور پر ان پابندیوں پر باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا، تاہم ماضی میں تہران مغربی ممالک کے ایسے الزامات کو مسترد کرتا رہا ہے۔ سیاسی مبصرین کے مطابق برطانیہ کے اس اقدام سے ایران اور مغربی ممالک کے درمیان پہلے سے موجود کشیدگی میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔

جامعہ کراچی کے ملازمین کا احتجاج جاری، بھرپور یکجہتی کا اظہار

May 11,2026 :روزینہ اسماعیل

کراچی، نیوز اینڈ نیوز:
جامعہ کراچی کے ملازمین کی جانب سے جاری احتجاجی تحریک میں بھرپور شرکت اور یکجہتی کے اظہار پر تمام ملازمین کا شکریہ ادا کیا گیا ہے۔ احتجاجی کمیٹی کے مطابق جامعہ کراچی کے ملازمین نے اپنے حقوق اور مطالبات کے حق میں غیر معمولی اتحاد کا مظاہرہ کیا، جو قابلِ تحسین ہے۔

ملازمین کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ موجودہ احتجاج صرف چند افراد کی نہیں بلکہ جامعہ کراچی کے تمام ملازمین کی مشترکہ آواز ہے، جس کا مقصد اپنے جائز مطالبات کو متعلقہ حکام تک پہنچانا ہے۔ بیان میں اس امید کا اظہار بھی کیا گیا کہ جب تک احتجاج کے خاتمے کا باضابطہ اعلان نہیں کیا جاتا، اس وقت تک تمام ملازمین اپنے اپنے ڈپارٹمنٹس میں جانے کے بجائے احتجاجی کیمپ میں شرکت کرکے یکجہتی کا مظاہرہ کرتے رہیں گے۔

احتجاجی شرکاء کا کہنا تھا کہ ملازمین نے مشکل حالات کے باوجود جس نظم و ضبط، اتحاد اور ذمہ داری کا مظاہرہ کیا ہے، وہ جامعہ کراچی کے روشن اور متحد مستقبل کی علامت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملازمین اپنے حقوق کے حصول کے لیے پرامن جدوجہد جاری رکھیں گے اور امید رکھتے ہیں کہ انتظامیہ ان کے مسائل کو سنجیدگی سے حل کرے گی۔

ملازمین نے اس عزم کا بھی اعادہ کیا کہ احتجاج مکمل طور پر پرامن رہے گا اور تمام سرگرمیاں باہمی اتحاد اور نظم و ضبط کے ساتھ جاری رکھی جائیں گی۔

سندھ میں موسمِ گرما کی تعطیلات کا اعلان، یکم جون سے تمام اسکول بند ہوں گے

May 11,2026 :روزینہ اسماعیل

کراچی، نیوز اینڈ نیوز:
محکمۂ تعلیم سندھ نے صوبے بھر کے سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں میں موسمِ گرما کی تعطیلات کا باقاعدہ اعلان کر دیا ہے۔ اعلامیے کے مطابق سندھ کے تمام اسکول یکم جون سے 31 جولائی 2026ء تک بند رہیں گے۔

محکمۂ تعلیم کے مطابق موسمِ گرما کی چھٹیاں تعلیمی کیلنڈر کے تحت پہلے ہی منظور شدہ تھیں جبکہ اسٹیئرنگ کمیٹی نے فروری میں تعطیلات کی منظوری دے دی تھی۔

دوسری جانب پنجاب حکومت نے بھی صوبے بھر میں سرکاری و نجی تعلیمی اداروں کے لیے گرمیوں کی چھٹیوں کا شیڈول جاری کر رکھا ہے۔ پنجاب میں تعطیلات 22 مئی سے شروع ہو کر 23 اگست تک جاری رہیں گی، جس کی منظوری وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے دی۔

وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات کا کہنا ہے کہ شدید گرمی اور بڑھتے ہوئے درجہ حرارت کے باعث طلبہ کی صحت و سلامتی کو مدنظر رکھتے ہوئے قبل از وقت تعطیلات کا فیصلہ کیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ تعلیمی ادارے 24 اگست کو دوبارہ کھلیں گے۔

حکام کے مطابق حالیہ دنوں میں گرمی کی شدت میں غیر معمولی اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جس کے باعث طلبہ کو اسکول آنے جانے میں مشکلات کا سامنا تھا۔

والدین اور تعلیمی حلقوں نے حکومت کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے بروقت اور طلبہ کے مفاد میں اہم اقدام قرار دیا ہے۔

شاہین آفریدی نے 400 بین الاقوامی وکٹیں مکمل کر کے نئی تاریخ رقم کر دی پاکستانی فاسٹ بولرز کی ایلیٹ فہرست میں شامل

محمود احمد May11,2026

ڈھاکا (نیوز اینڈ نیوز) پاکستان کے مایہ ناز فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی نے بنگلہ دیش کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ کے دوران اپنے بین الاقوامی کیریئر کی 400 ویں وکٹ حاصل کرکے ایک اور بڑا اعزاز اپنے نام کر لیا۔

شاہین شاہ آفریدی نے شیرِ بنگلہ نیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے ٹیسٹ میچ کے چوتھے روز بنگلہ دیش کے بلے باز مومن الحق کو آؤٹ کر کے یہ تاریخی سنگ میل عبور کیا۔ وہ یہ اعزاز حاصل کرنے والے پاکستان کے پانچویں فاسٹ باؤلر اور مجموعی طور پر نویں پاکستانی بولر بن گئے ہیں۔

اس کامیابی کے بعد شاہین شاہ آفریدی پاکستان کے لیجنڈری فاسٹ بولرز عمران خان، وسیم اکرم اور وقار یونس جیسے عظیم کھلاڑیوں کی صف میں شامل ہو گئے ہیں۔

بائیں ہاتھ کے پیسر نے صرف 211 اننگز میں 400 بین الاقوامی وکٹیں مکمل کیں اور وہ اب پاکستان کی جانب سے تینوں فارمیٹس میں سب س زیادہ وکٹیں لینے والے بولرز کی فہرست میں نویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔

پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ بین الاقوامی وکٹیں لینے والے بولرز:

وسیم اکرم — 916 وکٹیں
وقار یونس — 789 وکٹیں
عمران خان — 544 وکٹیں
شاہد آفریدی — 538 وکٹیں
ثقلین مشتاق — 496 وکٹیں
سعید اجمل — 447 وکٹیں
شعیب اختر — 438 وکٹیں
عمر گل — 427 وکٹیں
شاہین شاہ آفریدی — 400 وکٹیں*

شاہین شاہ آفریدی کی اس شاندار کامیابی پر کرکٹ شائقین اور سابق کھلاڑیوں کی جانب سے انہیں بھرپور خراجِ تحسین پیش کیا جا رہا ہے۔

یونائٹیڈ کونسل آف چرچز کے زیر اہتمام یومِ معرکۂ حق ریلی، افواجِ پاکستان کو خراجِ تحسین

منصور احمد ,May 11,2026

اسلام آباد (نیوز اینڈ نیوز) یومِ معرکۂ حق “آپریشن بنیان المرصوص” کا ایک سال مکمل ہونے پر یونائٹیڈ کونسل آف چرچز کے زیر اہتمام اسلام آباد میں ایک پُرجوش ریلی کا انعقاد کیا گیا، جس میں مسیحی برادری نے بھرپور انداز میں افواجِ پاکستان سے یکجہتی کا اظہار کیا۔

ریلی کی قیادت یونائٹیڈ کونسل آف چرچز کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر پاسٹر سمیسن سہیل نے کی، جبکہ یو جی اے چرچ کی ایگزیکٹو باڈی، سینئر پاسٹر عنایت جلال، پاسٹر مشتاق غفور، پاسٹر افضال بھٹی، پاسٹر ایمانوئل رفیق، پاسٹر اشر جان، بشپ جاوید صدیق سمیت مسیحی خواتین، بچوں، بزرگوں اور نوجوانوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔

شرکاء نے قومی پرچم اٹھا رکھے تھے اور “پاکستان زندہ باد”، “پاک فوج پائندہ باد” اور “معرکۂ حق کامیاب رہے” کے نعرے لگاتے رہے۔ ریلی کے شرکاء نے افواجِ پاکستان کی قربانیوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا اور ملکی سلامتی، امن اور استحکام کیلئے خصوصی دعائیں بھی کیں۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پاسٹر سمیسن سہیل نے کہا کہ پاکستانی مسیحی برادری ہمیشہ ملک کی سلامتی، اتحاد اور ترقی کیلئے افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یومِ معرکۂ حق قومی یکجہتی، قربانی اور حب الوطنی کا درس دیتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ “ہم افواجِ پاکستان کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے ہر مشکل وقت میں وطن عزیز کے دفاع کو یقینی بنایا۔ پاکستانی مسیحی قوم ملک کی ترقی، امن اور استحکام کیلئے متحد ہے اور ہمیشہ اپنی افواج کے ساتھ کھڑی رہے گی۔”

پاسٹر سمیسن سہیل کا کہنا تھا کہ پاکستان تمام اقلیتوں کا مشترکہ وطن ہے اور مسیحی برادری ہر مشکل گھڑی میں ملک و قوم کے ساتھ کھڑی رہے گی۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار بھی کیا کہ مسیحی برادری ملک میں امن، بھائی چارے، انسانی خدمت اور قومی یکجہتی کے فروغ کیلئے اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔

ریلی کے اختتام پر پاکستان کی خوشحالی، امن اور قومی اتحاد کیلئے خصوصی دعا کی گئی۔

بجٹ 2026-27: تنخواہ دار طبقے کیلئے ٹیکس ریلیف زیر غور، تنخواہیں اور پنشن فریز ہونے کا امکان

کاشف عباسی ,May 11 ,2026

اسلام آباد (نیوز اینڈ نیوز) حکومت آئندہ مالی سال کے بجٹ میں تنخواہ دار طبقے کو ریلیف دینے کیلئے انکم ٹیکس میں کمی پر غور کر رہی ہے، تاہم مالی دباؤ کے باعث سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں اضافہ نہ کرنے کی تجویز بھی زیر بحث ہے۔

باخبر ذرائع کے مطابق وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے تنخواہ دار طبقے کیلئے ٹیکس کی شرح کم کرنے اور قابلِ ٹیکس آمدنی کی حد بڑھانے کی خواہش ظاہر کی ہے تاکہ مہنگائی کے دباؤ کا شکار متوسط طبقے کو کچھ ریلیف فراہم کیا جا سکے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ رواں مالی سال کے دوران تنخواہ دار طبقے نے ٹیکس وصولیوں میں غیر معمولی حصہ ڈالا، جو ہول سیلرز، ریٹیلرز، ایکسپورٹرز اور رئیل اسٹیٹ سیکٹر کی مجموعی ادائیگیوں سے بھی زیادہ رہا۔

دوسری جانب حکومت اخراجات کم کرنے کیلئے تنخواہوں اور پنشن کو موجودہ سطح پر برقرار رکھنے پر غور کر رہی ہے، جبکہ اس سے حاصل ہونے والی ممکنہ بچت کو ٹیکس ریلیف کی صورت میں استعمال کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق رواں مالی سال میں تنخواہ دار طبقے نے رئیل اسٹیٹ سیکٹر کے مقابلے میں دوگنا سے زائد ٹیکس ادا کیا، جس کے بعد حکومت پر اس طبقے کو ریلیف دینے کیلئے دباؤ بڑھ گیا ہے۔

ادھر اقتصادی ذرائع کے مطابق پاکستان کو غیر ملکی مالی امداد اور فنڈنگ میں بھی تقریباً 20 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جس سے آئندہ بجٹ کی حکمت عملی پر مثبت اثر پڑنے کی توقع ظاہر کی جا رہی ہے۔

ریڈ لائن عبور کرنے والوں کا غرور خاک میں ملا دیا، پاکستان بنیانِ مرصوص بن کر کھڑا رہا: مریم نواز

کاشف عباسی ,May 11 ,2026

لاہور / راولپنڈی (نیوز اینڈ نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ جس نے بھی پاکستان کی ریڈ لائن عبور کرنے کی کوشش کی، پاکستان نے اس کا غرور مٹی میں ملا دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم بنیانِ مرصوص، یعنی سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن کر وطن کے دفاع کے لیے متحد کھڑی رہی۔

معرکۂ حق کی کامیابی کا ایک سال مکمل ہونے پر واہگہ بارڈر پر شاندار اور جذبہ حب الوطنی سے بھرپور تقریب منعقد ہوئی، جس میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ تقریب میں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور پاکستان زندہ باد کے فلک شگاف نعروں سے فضا گونج اٹھی۔

مریم نواز شریف نے اپنے خطاب میں پاک افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، قومی اتحاد اور عوام کے جذبے کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ دشمن کو واضح پیغام مل چکا ہے کہ پاکستان کے دفاع پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب نے راولپنڈی میں “معرکۂ حق اسکوائر” کا افتتاح بھی کیا۔ اس موقع پر بتایا گیا کہ “سگنل فری راولپنڈی” منصوبے کے تحت صرف 179 روز میں 5 انڈر پاسز، 2 اوور ہیڈ برجز اور ایک پیڈسٹرین برج مکمل کیا گیا، جسے شہریوں کیلئے ایک اہم ترقیاتی سنگ میل قرار دیا جا رہا ہے۔

تقریب کے دوران مریم نواز شریف نے دیگر حکومتی و سکیورٹی حکام کے ہمراہ واہگہ بارڈر پر عوام کے نعروں کا ہاتھ ہلا کر جواب دیا، جبکہ شرکاء نے قومی پرچم لہرا کر پاک افواج سے بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا۔

ٹرمپ نے ایران کی شرائط مسترد کر دیں، پاکستانی سفارتی کوششیں اہم مرحلے میں داخل

کاشف عباسی ,May 11 ,2026

:واشنگٹن / اسلام آباد نیوز اینڈ نیوز

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے خلیجی تنازع کے خاتمے کے لیے ایران کی جانب سے پاکستانی ثالثوں کے ذریعے بھیجے گئے جواب کو “مکمل طور پر ناقابل قبول” قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا، جس کے بعد خطے میں سفارتی کشیدگی مزید بڑھ گئی ہے۔

صدر ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم “ٹروتھ سوشل” پر جاری بیان میں کہا کہ انہوں نے ایران کے نام نہاد نمائندوں کا جواب پڑھ لیا ہے، لیکن یہ انہیں بالکل پسند نہیں آیا۔ انہوں نے اسے “TOTALLY UNACCEPTABLE” قرار دیتے ہوئے واضح کیا کہ امریکہ ایران کی شرائط قبول کرنے کے لیے تیار نہیں۔

ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق تہران نے اپنے جواب میں لبنان میں جاری جنگ کے خاتمے، آبنائے ہرمز میں جہاز رانی کے تحفظ اور خطے میں دشمنی کم کرنے پر زور دیا ہے، جبکہ پابندیوں میں نرمی اور ایٹمی تنازع جیسے حساس معاملات کو بعد کے مرحلے کے لیے مؤخر رکھنے کی تجویز دی گئی۔

اسلام آباد میں معرکۂ حق کی پہلی سالگرہ کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے انکشاف کیا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے انہیں آگاہ کیا ہے کہ “ایران کا جواب موصول ہو چکا ہے”۔ وزیراعظم نے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی سفارتی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان خطے میں امن کے لیے فعال کردار ادا کر رہا ہے۔

ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے بھی واضح کیا کہ مذاکرات کا مطلب “ہتھیار ڈالنا یا پسپائی اختیار کرنا نہیں” بلکہ برابری اور احترام کی بنیاد پر مسائل کا حل تلاش کرنا ہے۔

دوسری جانب ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے عسکری قیادت سے اہم ملاقات کی، جبکہ امریکی اتحادیوں کو مختلف مقامات پر ڈرون حملوں کا سامنا بھی کرنا پڑا۔ ایرانی حکام نے خبردار کیا ہے کہ تہران کا “صبر ختم ہو چکا ہے” اور مسلسل جنگ بندی خلاف ورزیوں کے نتائج سنگین ہو سکتے ہیں۔

ادھر قطر کے وزیراعظم نے واشنگٹن میں اہم ملاقاتوں کے بعد وزیراعظم شہباز شریف سے ٹیلیفونک رابطہ کرکے خطے میں جاری سفارتی کوششوں اور امن کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔

’یومِ بنیانِ مرصوص‘ ہر سال منانے کا اعلان، وزیراعظم کا بھارت کو دوٹوک پیغام

کاشف عباسی ,May 11 ,2026

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے اعلان کیا ہے کہ بھارت کے خلاف پاکستان کے تاریخی ردعمل کی یاد میں ’یومِ بنیانِ مرصوص‘ ہر سال منایا جائے گا، جبکہ انہوں نے پہلگام حملے کے حوالے سے پاکستان پر لگائے گئے الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ بھارت آج تک کوئی ثبوت پیش نہیں کر سکا۔

وفاقی دارالحکومت میں معرکۂ حق کی پہلی سالگرہ کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ بھارت نے پہلگام واقعے کو “فالس فلیگ آپریشن” کے طور پر استعمال کرتے ہوئے الزام پاکستان پر عائد کیا، مگر عالمی برادری کے سامنے کوئی ثبوت پیش نہ کر سکا۔

تقریب میں صدر آصف علی زرداری، چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل عاصم منیر، چیف آف ایئر اسٹاف ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو اور نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف سمیت اعلیٰ عسکری و حکومتی شخصیات نے شرکت کی۔

وزیراعظم نے شہداء کے احترام میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کروائی اور کہا کہ دشمن نے رات کی تاریکی میں پاکستان پر بلااشتعال جنگ مسلط کی، تاہم پاک مسلح افواج نے بھرپور اور تاریخی جواب دے کر دشمن کے عزائم خاک میں ملا دیے۔

شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کے مؤثر اور طاقتور ردعمل نے بھارت کو صرف چار گھنٹوں میں جنگ بندی کی درخواست پر مجبور کر دیا۔ انہوں نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کی جراتمندانہ قیادت کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قیادت تاریخ میں سنہری حروف سے لکھی جائے گی۔

انہوں نے پاک فضائیہ اور ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو اور ان کے “شاہینوں” کی کارکردگی کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے دشمن کی فضائی برتری کے دعوؤں کو زمین بوس کر دیا۔

صدر آصف علی زرداری نے بھی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاک فوج کے “نپے تلے اور حیران کن” جواب کو سراہا، جبکہ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے خبردار کیا کہ مستقبل میں کسی بھی بھارتی مہم جوئی کے نتائج نہایت “دردناک” ہوں گے۔

ملک بھر میں 11 سے 18 مئی تک انٹرنیٹ سروس میں سست روی کا امکان

محمود احمد May10,2026

اسلام آباد: ملک بھر میں 11 سے 18 مئی کے دوران انٹرنیٹ کی رفتار سست ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

پی ٹی سی ایل کے اعلامیے کے مطابق اس دوران خاص طور پر شام کے اوقات میں انٹرنیٹ کی رفتار میں نمایاں کمی متوقع ہے، جس کی وجہ نیٹ ورک پر بڑھتا ہوا ٹریفک بوجھ بتایا گیا ہے۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ مصروف اوقات میں صارفین کو سروس میں عارضی سست روی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، تاہم صورتحال کو معمول پر رکھنے کے لیے تکنیکی ٹیمیں نگرانی جاری رکھیں گی۔

پی ٹی سی ایل نے صارفین سے اپیل کی ہے کہ ممکنہ دشواری کے دوران صبر سے کام لیں اور غیر ضروری نیٹ ورک لوڈ سے گریز کریں۔