

محمود احمد May19,2026
نیوز اینڈ نیوز: رپورٹ
اسلام آباد: نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار سے سعودی عرب میں پاکستان کے سفیر احمد فاروق نے علاقائی سفیروں کی کانفرنس کے موقع پر ملاقات کی، جس میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دوطرفہ تعلقات، اقتصادی تعاون اور پاکستانی کمیونٹی سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
دفتر خارجہ کے مطابق ملاقات کے دوران نائب وزیراعظم نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات کو سراہتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے روابط باہمی اعتماد، مذہبی و ثقافتی رشتوں اور مشترکہ مفادات پر مبنی ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ اپنے تعلقات کو مزید مضبوط اور ہمہ جہت بنانے کے لیے پُرعزم ہے۔
اسحاق ڈار نے تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، افرادی قوت، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور انسانی وسائل کی ترقی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان معاشی شراکت داری کے وسیع مواقع موجود ہیں جن سے بھرپور فائدہ اٹھایا جانا چاہیے۔
انہوں نے سعودی عرب میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے کردار کو بھی سراہا اور کہا کہ اوورسیز پاکستانی دونوں برادر ممالک کے درمیان تعلقات کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ نائب وزیراعظم نے سفیر احمد فاروق کو ہدایت کی کہ وہ پاکستانی کمیونٹی کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہیں اور ان کے مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن اقدامات یقینی بنائیں۔
ملاقات کے دوران خطے کی مجموعی صورتحال، مشرق وسطیٰ میں جاری پیش رفت اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان سفارتی و اقتصادی روابط کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔