آئی ایم ایف کا سبسڈی ختم کرنے کا مطالبہ، پٹرول اور ڈیزل مہنگے ہونے کا خدشہ

اسلام آباد (نیوز اینڈ نیوز): انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ نے پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات پر دی جانے والی سبسڈی ختم کرنے پر زور دیتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ مالیاتی خسارے کو قابو میں رکھنے کے لیے توانائی کی قیمتوں میں بروقت ایڈجسٹمنٹ ضروری ہے، جس کے نتیجے میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
رپورٹس کے مطابق آئی ایم ایف کا مؤقف ہے کہ حکومت کو چاہیے کہ پیٹرولیم مصنوعات پر کسی بھی قسم کی سبسڈی کا سلسلہ بند کرے تاکہ معیشت پر بوجھ کم کیا جا سکے اور مالیاتی نظم و ضبط کو بہتر بنایا جا سکے۔ ادارے کا کہنا ہے کہ قیمتوں کو عالمی مارکیٹ کے مطابق رکھنے کے لیے بروقت فیصلے ناگزیر ہیں۔
ذرائع کے مطابق اگر سبسڈی ختم کی جاتی ہے تو اس کے براہِ راست اثرات پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں پر پڑ سکتے ہیں، جس سے ٹرانسپورٹ اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں بھی اضافہ متوقع ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے مہنگائی میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے، تاہم حکومت کے لیے مالیاتی استحکام بھی ایک بڑا چیلنج ہے۔
حکومتی حلقوں کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف کے ساتھ جاری مذاکرات میں مختلف تجاویز زیر غور ہیں اور حتمی فیصلے معاشی حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے کیے جائیں گے۔ دوسری جانب عوامی سطح پر ممکنہ قیمتوں میں اضافے کے خدشے پر تشویش پائی جا رہی ہے، جبکہ ماہرین کا کہنا ہے کہ کسی بھی فیصلے میں عوامی اثرات کو مدنظر رکھنا ضروری ہوگا۔