ایچ ای سی کا سری لنکا میں انڈرگریجویٹ سکالرشپ کا اعلان: پاکستانی طلبہ سے درخواستیں طلب

Spread the love

روزینہ اسماعیل, August 03,2026

اسلام آباد (نیوز اینڈ نیوز) — 3 اگست 2026ء

ہائیر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) نے سری لنکا کے معروف تعلیمی ادارے ‘سری لنکا انسٹی ٹیوٹ آف انفارمیشن ٹیکنالوجی’ میں ستمبر اور اکتوبر 2026ء کے تعلیمی سیشن کے لیے ایک انڈرگریجویٹ سکالرشپ کا باقاعدہ اعلان کرتے ہوئے اہل اور خواہش مند پاکستانی طلبہ سے درخواستیں طلب کر لی ہیں۔

ایچ ای سی حکام کے مطابق یہ سکالرشپ سری لنکا میں اعلیٰ تعلیم کے حصول کے خواہش مند پاکستانی طلبہ کو بین الاقوامی سطح پر جدید تعلیمی مواقع فراہم کرنے کے مقصد کے تحت پیش کی جا رہی ہے۔

کوائف اور اہلیت کے معیار کے حوالے سے ایچ ای سی نے واضح کیا ہے کہ تمام خواہشمند امیدوار مقررہ طریقہ کار کے مطابق آن لائن درخواست جمع کرا سکتے ہیں۔ پروگرام سے متعلق تمام تر بنیادی اہلیت، درخواست دینے کے مرحلہ وار طریقہ کار اور دیگر ضروری شرائط و ضوابط کی مکمل تفصیلات ایچ ای سی کی آفیشل ویب سائٹ پر آن لائن فراہم کر دی گئی ہیں۔

ہائیر ایجوکیشن کمیشن نے اس بات کی بھی پیشگی وضاحت کی ہے کہ مذکورہ سکالرشپ میں صرف ٹیوشن فیس یا تعلیمی اخراجات شامل ہوں گے، جبکہ رہائش، کھانے پینے، فضائی سفر کے ٹکٹ، یومیہ جیب خرچ، طبی بیمہ، ویزا فیس، ویزا کی تجدید اور دیگر تمام شخصی اخراجات منتخب ہونے والے طلبہ کو خود برداشت کرنا ہوں گے۔

ایچ ای سی انتظامیہ نے تمام دلچسپی رکھنے والے امیدواروں کو سخت ہدایت کی ہے کہ وہ اپنی درخواستیں جمع کرانے سے قبل اہلیت کے تمام معائر اور گائیڈ لائنز کا بغور مطالعہ کریں اور آخری تاریخ سے قبل اپنی درخواستوں کی مکمل اور درست فراہمی کو یقینی بنائیں۔