تیزی سے بڑھتی آبادی ملکی ترقی کیلئے بڑا چیلنج ہے، وزیراعظم شہباز شریف

Spread the love

محمود احمد May14,2026

اسلام آباد (نیوز اینڈ نیوز):
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملک میں تیزی سے بڑھتی ہوئی آبادی قومی وسائل پر دباؤ بڑھا رہی ہے اور یہ ملکی ترقی کے لیے ایک بڑا چیلنج بن چکی ہے۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت بڑھتی ہوئی آبادی اور اس کے تدارک سے متعلق اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں آبادی پر قابو پانے، عوامی بہبود اور قومی سطح پر پالیسی سازی کے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

اجلاس میں آبادی سے متعلق پالیسی سازی کے لیے نیشنل پاپولیشن کونسل کے قیام کا فیصلہ کیا گیا، جس کی سربراہی وزیراعظم خود کریں گے۔ کونسل میں چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ، وزیراعظم آزاد کشمیر اور وزیراعلیٰ گلگت بلتستان بھی شامل ہوں گے۔

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ عوامی آگاہی مہم میں علمائے کرام اور کمیونٹی رہنماؤں کی شمولیت یقینی بنائی جائے تاکہ آبادی کے مسئلے سے متعلق شعور بیدار کیا جا سکے۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ بڑھتی ہوئی آبادی کے مسئلے سے نمٹنے کے لیے مؤثر اور مربوط قومی حکمت عملی تشکیل دینا ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ وسائل اور آبادی میں توازن ہی پائیدار ترقی کی ضمانت ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ حکومت آگاہی مہم، صحت اور تعلیم کی سہولیات میں بہتری اور متوازن ترقی کے ذریعے آبادی میں اضافے کی رفتار کو قابو میں لانے کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔

اجلاس میں “حکومت کے تمام اداروں کی مشترکہ حکمت عملی” اپنانے پر بھی زور دیا گیا تاکہ آبادی کے بہتر نظم و نسق کو یقینی بنایا جا سکے۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ ملک میں آبادی کی شرح نمو دو اعشاریہ پانچ فیصد تک پہنچ چکی ہے، جو ایک بڑا قومی چیلنج ہے۔ اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ تمام صحت مراکز میں خاندانی منصوبہ بندی کی سہولیات فراہم کرنے سے آبادی پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔

اجلاس میں یہ بھی بتایا گیا کہ سماجی تحفظ کے پروگراموں کو خاندانی منصوبہ بندی سے منسلک کیا جائے گا جبکہ خواتین کو معاشی طور پر بااختیار بنانا بھی آبادی کے مسئلے کے حل میں اہم کردار ادا کرے گا۔

اجلاس میں وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال، وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی ڈاکٹر مصدق مسعود ملک، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ، وفاقی وزیر قومی صحت سید مصطفیٰ کمال، وزیر مملکت برائے قومی صحت ملک مختار احمد بھرتھ سمیت اعلیٰ سرکاری حکام نے شرکت کی۔