

منصور احمد june 23,2026
لاہور ( نیوز اینڈ نیوز) — 23 جون 2026ء
پنجاب حکومت نے صوبے بھر میں ٹیکس چوری کا جڑ سے خاتمہ کرنے اور ریونیو بڑھانے کے لیے ایک انقلابی اور سخت ترین ڈیجیٹل سیکیورٹی پلان نافذ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس نئے فیصلے کے تحت پنجاب میں قائم تمام میرج ہالز، شادی مارکیز، لگژری فارم ہاؤسز اور بڑے انٹرنیشنل و لوکل فوڈ چینز کی مانیٹرنگ کے لیے خصوصی کیمرے نصب کیے جائیں گے۔ ان تمام مقامات پر ہونے والی ہر سنگل ٹرانزیکشن اور کاروباری لین دین کا باقاعدہ اندراج کیا جائے گا تاکہ ٹیکس نیٹ کو شفاف بنایا جا سکے۔ یہ اہم فیصلے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیرِ صدارت پنجاب ریونیو اتھارٹی کے حوالے سے منعقدہ ایک خصوصی اور اعلیٰ سطحی اجلاس میں کیے گئے۔
اجلاس کے دوران یہ مقتدر فیصلہ بھی سامنے آیا کہ جو ریسٹورنٹس یا ہالز گاہکوں کو جعلی رسیدیں فراہم کرتے ہیں یا اپنی اصل سیل چھپا کر قومی خزانے کو نقصان پہنچاتے ہیں، ان کے خلاف بلاامتیاز کریک ڈاؤن اور سخت ترین قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ اجلاس میں بڑے ریسٹورنٹس میں کیش کی صورت میں رقم وصول کرنے پر مکمل پابندی عائد کرنے اور اس کی جگہ لازمی ڈیجیٹل پیمنٹ سسٹم انسٹال کرنے پر تفصیلی غور کیا گیا۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ اگر پوری دنیا کیش اکانومی سے ڈیجیٹل اکانومی پر منتقل ہو سکتی ہے تو پاکستان کیوں نہیں؟ انہوں نے واضح کیا کہ ٹیکس چوری پر حکومت کی پالیسی زیرو ٹالرنس کی ہے، اب ٹیکس چوروں کو کیمرے کی آنکھ بھی دیکھے گی اور ہمارا جدید ڈیجیٹل سسٹم بھی پکڑے گا۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے متعلقہ حکام کو ٹیکس وصولی اور سیکٹرل میپنگ کی ہر ہفتے باقاعدگی سے رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا۔ اجلاس کے دوران مالی سال 2026-27 کے لیے مجموعی طور پر 528 ارب 50 کروڑ روپے کا بھاری ریونیو ہدف مقرر کیا گیا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ پنجاب ریونیو کلیکشن میں گزشتہ عرصے کے دوران 38 فیصد کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کے بعد ٹیکس وصولی 250 ارب سے بڑھ کر 346 ارب روپے تک پہنچ گئی ہے۔ اس کے علاوہ پی آر اے کا دائرہ کار بھی 10 اضلاع سے بڑھا کر 26 اضلاع تک وسیع کر دیا گیا ہے اور ادارے میں انٹیلی جنس اینڈ انویسٹی گیشن ونگ، ٹیکس پیئر آڈٹ اور لیگل ونگ کا باقاعدہ قیام عمل میں لایا جا چکا ہے۔ وزیراعلیٰ نے پی آر اے کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے افسران کو شاباش دی اور ہیومن ریسورس کو جدید ٹیکنالوجی سے لیس کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے میڈیا ونگ کو بھی متحرک کرنے کا حکم دیا تاکہ ٹیکس چوروں کے خلاف کی جانے والی کارروائیوں کی وجوہات جامع انداز میں عوام کے سامنے لائی جا سکیں۔