

منصور احمد june 10,2026
گوجرخان(نیوز اینڈ نیوز) — 10 جون 2026ء
ضلع راولپنڈی کی تحصیل گوجرخان میں تیزاب گردی کا ایک انتہائی افسوسناک اور ہولناک واقعہ پیش آیا ہے، جہاں مبینہ طور پر طلاق اور علیحدگی کے معاملے پر ایک خاتون نے غصے اور طیش میں آ کر اپنے ہی شوہر پر تیزاب پھینک دیا، جس کے نتیجے میں وہ بری طرح جھلس کر شدید زخمی ہو گیا، راولپنڈی پولیس اور گوجرخان کے مقامی ذرائع سے حاصل ہونے والی تفصیلات کے مطابق متاثرہ شخص، جس کی شناخت کامران حسین کے نام سے ہوئی ہے، اپنی اہلیہ کے ساتھ گھریلو ناچاقی کے باعث علیحدگی اور طلاق کی باقاعدہ قانونی کارروائی کے سلسلے میں مقامی یونین کونسل کے دفتر آیا ہوا تھا، عینی شاہدین اور ابتدائی معلومات کے مطابق یونین کونسل کے اندر طلاق کی دفتری کارروائی مکمل ہونے کے بعد جیسے ہی کامران حسین دفتر کی عمارت سے باہر نکلا، تو وہاں پہلے سے گھات لگائے بیٹھی اس کی بدبخت اہلیہ نے مبینہ طور پر اچانک اس پر تیزاب سے حملہ کر دیا، اس اچانک حملے کے نتیجے میں تیزاب پڑنے سے کامران حسین کا جسم بری طرح جھلس گیا اور وہ درد سے چیلاتا ہوا زمین پر گر کر شدید زخمی ہو گیا، آس پاس موجود لوگوں نے خونخوار خاتون کو قابو کیا اور متاثرہ شخص کو فوری طور پر تحصیل ہیڈ کوارٹر (ٹی ایچ کیو) ہسپتال گوجرخان منتقل کیا، جہاں ڈاکٹرز کے مطابق اس کی حالت تشویشناک ہے اور اسے طبی امداد دی جا رہی ہے، دوسری جانب واقعے کی اطلاع ملتے ہی گوجرخان پولیس فوری طور پر موقع پر پہنچ گئی اور موقع کا فائدہ اٹھا کر فرار ہونے کی کوشش کرنے والی سنگدل خاتون کو حراست میں لے کر تھانے منتقل کر دیا، پولیس نے واقعے کا باقاعدہ ہنگامی مقدمہ درج کر کے ملزمہ کے خلاف سخت ترین قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے، گوجرخان پولیس کے حکام کا کہنا ہے کہ اس گھناؤنے واقعے کے تمام پہلوؤں اور پسِ پردہ محرکات کا باریک بینی سے جائزہ لیا جا رہا ہے اور تفتیش مکمل ہونے کے بعد قانون کے مطابق ملزمہ کو سخت سے سخت سزا دلوانے کے لیے تمام تقاضے پورے کیے جائیں گے۔