

کاشف عباسی ,May 15 ,2026
اسلام آباد (نیوز اینڈ نیوز):
پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان نے اڈیالہ جیل میں عمران خان کی مبینہ طویل قیدِ تنہائی کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کر دی۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ عمران خان کو طویل عرصے سے تنہائی میں رکھا جا رہا ہے، جو غیر قانونی اقدام اور بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔
درخواست بیرسٹر سلمان صفدر اور سلمان اکرم راجہ کے توسط سے اسلام آباد ہائی کورٹ میں دائر کی گئی۔
درخواست میں اڈیالہ جیل کے سپرنٹنڈنٹ، ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ، پنجاب کے انسپکٹر جنرل جیل خانہ جات، قومی احتساب بیورو کے چیئرمین، وفاقی تحقیقاتی ادارے کے ڈائریکٹر جنرل، پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ اور ریاست کو فریق بنایا گیا ہے۔
درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ عمران خان کو قیدِ تنہائی سے نکالنے، اہل خانہ، وکلا اور پارٹی رہنماؤں سے ملاقات کی اجازت دینے کے احکامات جاری کیے جائیں۔
دوسری جانب ذرائع کے مطابق جیل حکام نے ایک بار پھر پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں کو عمران خان سے ملاقات کی اجازت نہیں دی۔