عمران خان کی صحت پر سیاست نہ کی جائے، علاج ہر قیدی کا حق ہے: ایمل ولی خان

کاشف عباسی ,May 08,2026

اسلام آباد (نیوز اینڈ نیوز) عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ سینیٹر ایمل ولی خان نے کہا ہے کہ اگر عمران خان کو علاج کیلئے چاند پر بھی بھیجنا پڑے تو بھیج دینا چاہیے، انسانی ہمدردی اور قانون کی بالادستی کو سیاسی اختلافات سے بالاتر رکھا جانا ضروری ہے۔

اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ایمل ولی خان نے کہا کہ اگر حکام کو یہ خدشہ ہے کہ جیل سے باہر آنے والا کوئی بھی شخص سیاسی سرگرمیوں میں حصہ لے گا تو اس مسئلے کے حل کیلئے ایک غیرجانبدار کمیٹی قائم کی جانی چاہیے، جس میں تمام بڑی سیاسی جماعتوں کے نمائندوں کو شامل کیا جائے تاکہ فیصلے شفاف اور متفقہ انداز میں کیے جا سکیں۔

انہوں نے کہا کہ ماضی میں نواز شریف کو علاج کی غرض سے لندن جانے کی اجازت دی گئی تھی، لہٰذا اگر عمران خان اور بشریٰ بی بی کو صحت سے متعلق مسائل درپیش ہیں تو انہیں بھی مناسب طبی سہولت فراہم کی جانی چاہیے۔

ایمل ولی خان کا کہنا تھا کہ سیاسی استحکام کیلئے یکساں اصول اپنانا ناگزیر ہے تاکہ کسی بھی فیصلے پر جانبداری کا تاثر پیدا نہ ہو اور جمہوری عمل مزید مضبوط ہو سکے۔