

کاشف عباسی ,May 09 ,2026
لندن (نیوز اینڈ نیوز) انگلش پریمیئر لیگ میں لیورپول اور چیلسی کے درمیان دلچسپ مقابلہ 1-1 سے برابر ہوگیا، جبکہ مانچسٹر یونائیٹڈ کو سنڈر لینڈ کے خلاف بغیر کسی گول کے ڈرا پر اکتفا کرنا پڑا۔
اینفیلڈ میں کھیلے گئے میچ میں لیورپول نے چھٹے ہی منٹ میں ریان گراوینبرخ کے شاندار گول کی بدولت برتری حاصل کرلی، تاہم چیلسی کے اینزو فرنینڈیز نے 35ویں منٹ میں فری کک پر گول کرکے مقابلہ برابر کردیا۔
میچ کے اختتام پر لیورپول شائقین نے ٹیم کی مایوس کن کارکردگی پر شدید ردعمل دیا۔ اس ڈرا کے بعد لیورپول چوتھی پوزیشن پر موجود ہے اور چیمپئنز لیگ میں رسائی کی دوڑ میں اسے چھٹے نمبر پر موجود بورن ماؤتھ پر چار پوائنٹس کی برتری حاصل ہے۔
چیلسی کی ٹیم اب ٹاپ فائیو میں جگہ بنانے کی دوڑ سے ریاضیاتی طور پر باہر ہوگئی ہے اور نویں نمبر پر موجود ہے، تاہم عبوری کوچ کیلم میک فارلین نے ٹیم کی کارکردگی کو حوصلہ افزا قرار دیا۔
دوسری جانب مانچسٹر یونائیٹڈ اور سنڈر لینڈ کے درمیان مقابلہ بغیر کسی گول کے ختم ہوا۔ مانچسٹر یونائیٹڈ گزشتہ نومبر کے بعد پہلی مرتبہ لیگ میچ میں گول کرنے میں ناکام رہی۔
ادھر بورن ماؤتھ نے فلہم کو 0-1 سے شکست دے کر چیمپئنز لیگ میں جگہ بنانے کی امیدیں برقرار رکھیں۔ برازیلین نوجوان کھلاڑی رایان نے 53ویں منٹ میں فیصلہ کن گول اسکور کیا۔
برائٹن اینڈ ہوو البیون نے بھی وولوز کو 0-3 سے شکست دے کر یورپی مقابلوں میں رسائی کی امیدیں روشن رکھیں۔ جیک ہنشل ووڈ، لیوس ڈنک اور یانکوبا منٹیہ نے گول اسکور کیے۔