پاکستان اور کویت کے درمیان بحری و توانائی شعبے میں تعاون بڑھانے پر اتفاق

Spread the love

منصور احمد ,May 21,2026

اسلام آباد: (نیوز اینڈ نیوز ) پاکستان اور کویت کے درمیان بحری امور، توانائی ذخیرہ منصوبوں اور بندرگاہی انفراسٹرکچر میں تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں کویت کے سفیر ناصر عبدالرحمن جاسر المطیری نے وفاقی وزیر بحری امور جنید انوار چوہدری سے اہم ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی و تجارتی روابط کو مضبوط بنانے کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران وفاقی وزیر بحری امور نے کہا کہ پاکستان خطے میں تجارتی اور بحری سرگرمیوں کے حوالے سے ایک اہم مقام رکھتا ہے اور گوادر بندرگاہ اور پورٹ قاسم میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان ملکی معیشت کو مستحکم بنانے کے لیے بحری اور توانائی شعبوں میں غیر ملکی سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کر رہی ہے۔

جنید انوار چوہدری نے بتایا کہ پاکستان میں ایل پی جی، ایل این جی اور خام تیل ذخیرہ کرنے کے بڑے منصوبوں پر کام جاری ہے، جن میں کویت کی شراکت داری نہایت اہم ثابت ہو سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ توانائی ذخیرہ کرنے کی جدید سہولیات کے قیام سے نہ صرف ملکی ضروریات پوری ہوں گی بلکہ خطے میں تجارتی سرگرمیوں کو بھی فروغ ملے گا۔

وفاقی وزیر نے اس موقع پر کہا کہ حکومت غیر ملکی سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کے لیے پُرعزم ہے اور کویتی سرمایہ کاروں کے لیے خصوصی مراعات اور آسان کاروباری ماحول فراہم کیا جا رہا ہے تاکہ دونوں ممالک کے درمیان معاشی تعاون کو نئی جہت دی جا سکے۔

کویتی سفیر ناصر عبدالرحمن جاسر المطیری نے پاکستان کے بحری اور توانائی منصوبوں میں گہری دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کویت پاکستان کے ساتھ اقتصادی تعاون کو مزید وسعت دینا چاہتا ہے۔ انہوں نے گوادر، پورٹ قاسم اور دیگر بندرگاہی منصوبوں کو خطے کی تجارت کے لیے اہم قرار دیا اور کہا کہ کویتی کمپنیاں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے امکانات کا جائزہ لے رہی ہیں۔

ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان میری ٹائم سیکٹر، بندرگاہی ترقی، توانائی انفراسٹرکچر اور تجارتی روابط کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ بھی کیا گیا۔ فریقین نے اس بات پر اتفاق کیا کہ پاکستان اور کویت کے درمیان بڑھتا ہوا تعاون خطے میں معاشی استحکام اور ترقی کے لیے مثبت پیش رفت ثابت ہوگا۔