

محمود احمد May25,2026
واشنگٹن/نیوز اینڈ نیوز
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ ممکنہ معاہدے سے متعلق آئندہ دنوں میں مثبت خبر سامنے آنے کی توقع ہے، جبکہ امریکہ کسی بھی ایسی ڈیل پر آمادہ نہیں ہوگا جو اس کے مفادات کے خلاف ہو۔
امریکی ٹی وی چینل کو دیے گئے ایک خصوصی انٹرویو میں ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ایران کے ساتھ زیرِ غور معاہدہ ابھی مکمل طور پر حتمی شکل اختیار نہیں کر سکا، تاہم یہ معاہدہ ماضی کی پالیسیوں سے مختلف اور امریکہ کے لیے زیادہ مؤثر ثابت ہوگا۔
انہوں نے اپنے سیاسی مخالفین اور معاہدے پر تنقید کرنے والوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ بعض لوگ بغیر حقائق جانے سوشل میڈیا اور میڈیا پر بے بنیاد تبصرے کر رہے ہیں، حالانکہ ابھی تک کسی نے اس مجوزہ معاہدے کی تفصیلات نہیں دیکھیں۔ ان کے مطابق ایسے عناصر صرف سیاسی مقاصد کے لیے تنقید کر رہے ہیں۔
صدر ٹرمپ نے سابق امریکی حکومتوں کی خارجہ پالیسی پر بھی سوالات اٹھاتے ہوئے کہا کہ باراک اوباما اور جو بائیڈن کی انتظامیہ اس معاملے کو بروقت حل کرنے میں ناکام رہی، جس کے باعث خطے میں کشیدگی بڑھتی رہی۔ انہوں نے کہا کہ ان کی حکومت امریکی مفادات کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ ان کا ریکارڈ اس بات کا گواہ ہے کہ وہ کبھی کمزور یا نقصان دہ معاہدے نہیں کرتے۔ ان کے بقول ایران سے متعلق معاملات درست سمت میں آگے بڑھ رہے ہیں اور اب یہ فیصلہ بڑی حد تک ایران کے طرزِ عمل اور آئندہ اقدامات پر منحصر ہوگا۔
صدر ٹرمپ نے اس امید کا اظہار بھی کیا کہ جاری سفارتی کوششیں خطے میں استحکام اور کشیدگی میں کمی کا سبب بن سکتی ہیں، تاہم امریکہ اپنے قومی مفادات اور سیکیورٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا