بیجنگ میں پاک چین سفارتی تعلقات کے 75 سال مکمل، شہباز شریف اور ہان ژینگ کی خصوصی تقریب میں شرکت

Spread the love

منصور احمد ,May 26,2026

بیجنگ/ نیوز اینڈ نیوز

: پاکستان اور چین کے درمیان سفارتی تعلقات کے 75 سال مکمل ہونے کے موقع پر بیجنگ میں ایک خصوصی اور پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں وزیرِ اعظم شہباز شریف اور چین کے نائب صدر ہان ژینگ نے شرکت کی اور پاک چین دوستی کے 75 برس مکمل ہونے پر یادگاری کیک کاٹا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا کہ چین نے گزشتہ 75 برس کے دوران غیر معمولی ترقی کی اور آج دنیا کی بڑی معاشی طاقتوں میں شامل ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چینی صدر شی جن پنگ کی قیادت میں کروڑوں افراد غربت سے باہر آئے، جبکہ چین نے خطے میں امن، ترقی اور خوشحالی کے فروغ کیلئے قابلِ تحسین کردار ادا کیا۔

وزیرِ اعظم نے کہا کہ پاکستان اور چین بہترین دوست، قریبی شراکت دار اور آزمودہ ساتھی ہیں، جو ہر مشکل وقت میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہے ہیں۔ ان کے بقول پاک چین تعلقات باہمی اعتماد، خلوص اور احترام پر مبنی ہیں، جنہیں وقت کے ساتھ مزید مضبوطی حاصل ہوئی ہے۔

شہباز شریف نے اپنے خطاب میں کہا کہ چین کی ترقی سخت محنت، مستقل مزاجی اور مؤثر حکمتِ عملی کا نتیجہ ہے، اور پاکستان کو بھی چینی ترقیاتی ماڈل سے سیکھنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان چینی طرز کی معاشی ترقی، صنعتی پیش رفت اور جدید انفراسٹرکچر کے اہداف حاصل کرنے کیلئے پُرعزم ہے۔

وزیرِ اعظم کا کہنا تھا کہ پاک چین دوستی کی جڑیں انتہائی مضبوط ہیں اور دونوں ممالک کی ذمہ داری ہے کہ آنے والی نسلوں کیلئے اس تاریخی تعلق کو مزید مستحکم اور مؤثر بنایا جائے۔

اس موقع پر چینی نائب صدر ہان ژینگ نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان اور چین جغرافیہ، تاریخ اور مشترکہ مستقبل کے ذریعے ایک دوسرے سے جڑے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک ہر آزمائش اور مشکل وقت میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہے ہیں، جبکہ چین پاکستان اقتصادی راہداری پاک چین دوستی کی ایک مضبوط اور روشن علامت بن چکی ہے۔

تقریب میں دونوں ممالک کے اعلیٰ حکام، سفارتکاروں، کاروباری شخصیات اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی، جبکہ پاک چین دوستی اور دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ بھی کیا گیا۔