عیدالاضحیٰ پر عوام کیلئے بڑی سہولت، گیس لوڈشیڈنگ میں نرمی، نیا شیڈول جاری

Spread the love

کاشف عباسی ,May 26 ,2026

لاہور/ نیوز اینڈ نیوز

: عیدالاضحیٰ کے موقع پر ملک بھر کے گھریلو صارفین کیلئے خوشخبری سامنے آگئی، کیونکہ سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ اور سوئی سدرن گیس کمپنی نے عید کے تینوں دن گیس فراہمی کے خصوصی شیڈول کا اعلان کرتے ہوئے لوڈشیڈنگ میں بڑی نرمی کر دی ہے۔

گیس کمپنیوں کے مطابق عید قربان کے دوران شہریوں کو کھانا پکانے، قربانی کے گوشت کی تیاری اور مہمان داری میں سہولت فراہم کرنے کیلئے گیس کی سپلائی طویل اوقات تک بحال رکھی جائے گی۔

سوئی ناردرن گیس کی جانب سے جاری شیڈول کے مطابق پنجاب، خیبرپختونخوا اور اسلام آباد کے صارفین کو عید کے پہلے، دوسرے اور تیسرے دن صبح 6 بجے سے رات 11 بجے تک مسلسل گیس فراہم کی جائے گی۔ حکام کے مطابق اس اقدام کا مقصد عید کے دنوں میں گھریلو صارفین کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنا ہے۔

دوسری جانب سندھ اور بلوچستان میں گیس سپلائی کرنے والی سوئی سدرن گیس کمپنی نے بھی خصوصی پلان ترتیب دیا ہے۔ کمپنی ذرائع کے مطابق عید کے پہلے اور دوسرے دن صبح ساڑھے 7 بجے سے رات 12 بجے تک گیس کی فراہمی جاری رہے گی، جبکہ تیسرے روز صبح ساڑھے 7 بجے سے رات 10 بجے تک سپلائی بحال رکھی جائے گی۔

حکام کا کہنا ہے کہ عیدالاضحیٰ کے دوران گیس کی طلب میں غیر معمولی اضافے کے باوجود سپلائی سسٹم کو مستحکم رکھنے کیلئے خصوصی انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں، جبکہ مختلف علاقوں میں پریشر برقرار رکھنے کیلئے تکنیکی ٹیمیں بھی ہائی الرٹ رہیں گی۔

گیس کمپنیوں نے صارفین سے اپیل کی ہے کہ گیس کا غیر ضروری استعمال نہ کریں اور احتیاطی تدابیر اختیار کریں تاکہ تمام علاقوں میں بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔