حج کا عظیم اجتماع امتِ مسلمہ کے اتحاد کی علامت ہے، وزیراعظم شہباز شریف

Spread the love

کاشف عباسی ,May 26 ,2026

اسلام آباد / نیوز اینڈ نیوز

شہباز شریف نے حج کے روح پرور اور بابرکت موقع پر امتِ مسلمہ خصوصاً میدانِ عرفات میں موجود لاکھوں حجاجِ کرام کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ حج کا عظیم اجتماع مسلمانوں کے اتحاد، بھائی چارے اور اجتماعی ذمہ داری کے احساس کو دنیا بھر میں اجاگر کرتا ہے۔

اسلام آباد میں جاری اپنے خصوصی پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ حج کا یہ مبارک دن اللہ تعالیٰ کی رحمت، مغفرت اور قربت حاصل کرنے کا بہترین موقع ہے۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ تمام عازمینِ حج کی عبادات، دعاؤں اور قربانیوں کو اپنی بارگاہ میں قبول فرمائے اور پوری امتِ مسلمہ کو اسلامی تعلیمات پر عمل پیرا ہونے کی توفیق عطا کرے۔

وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ حج ہمیں اخوت، صبر، ایثار، نظم و ضبط اور باہمی تعاون کا درس دیتا ہے، جبکہ یہی اوصاف کسی بھی قوم کی ترقی، استحکام اور خوشحالی کی اصل بنیاد ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کی کامیابی اتحاد، باہمی احترام اور مشترکہ ذمہ داری کے احساس میں پوشیدہ ہے۔

وزیراعظم نے اپنے پیغام میں کہا کہ ان مقدس اور بابرکت ساعتوں میں پاکستان دنیا بھر میں امن، سلامتی، استحکام اور انسانیت کی فلاح کیلئے خصوصی دعا گو ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر عدل، برداشت، رواداری اور بھائی چارے کے فروغ کی اشد ضرورت ہے تاکہ دنیا کو جنگوں، نفرتوں اور انتشار سے بچایا جا سکے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان ہمیشہ امن، استحکام اور امتِ مسلمہ کے اتحاد کیلئے اپنا مثبت کردار ادا کرتا رہے گا، جبکہ حج کا پیغام پوری انسانیت کیلئے محبت، مساوات اور خیر خواہی کا پیغام ہے۔