کالام: اندراب جھیل جانے والے جیپ ٹریک کی بحالی تیسرے روز بھی جاری

Spread the love

کاشف عباسی ,May 26 ,2026

کالام/ نیوز اینڈ نیوز

لینڈ سلائیڈنگ اور گلیشیئرز سے متاثرہ راستے کی بحالی کیلئے بھاری مشینری متحرک، عیدالاضحیٰ سے قبل روڈ کھولنے کی ہدایت

کالام: معروف سیاحتی مقام اندراب جھیل جانے والے جیپ ایبل ٹریک کی بحالی کا کام تیسرے روز بھی تیزی کے ساتھ جاری ہے، جہاں حالیہ لینڈ سلائیڈنگ اور برفانی گلیشیئرز کے باعث آمدورفت شدید متاثر ہوگئی تھی۔

اپر سوات ڈویلپمنٹ اتھارٹی (یو ایس ڈی اے) کے ترجمان کے مطابق سیکرٹری سیاحت خیبرپختونخوا سعادت حسن اور ڈائریکٹر جنرل اپر سوات ڈویلپمنٹ اتھارٹی شوذب عباس کی خصوصی ہدایات پر بحالی آپریشن مسلسل جاری ہے، جبکہ ادارے کی بھاری مشینری مختلف مقامات پر پتھر، ملبہ اور برفانی گلیشیئرز ہٹانے میں مصروف ہے۔

ترجمان سعید الرحمان نے بتایا کہ تقریباً 27 کلومیٹر طویل جیپ ایبل روڈ متعدد مقامات پر متاثر ہوئی تھی، جس کے باعث سیاحوں کی آمدورفت معطل ہوگئی تھی۔ تاہم بحالی ٹیمیں دن رات کام کر رہی ہیں تاکہ راستے کو جلد از جلد بحال کیا جا سکے۔

ڈی جی یو ایس ڈی اے شوذب عباس نے کہا کہ اندراب جھیل سوات کے خوبصورت اور اہم سیاحتی مقامات میں شمار ہوتی ہے، اس لیے عیدالاضحیٰ اور آنے والے سیاحتی سیزن سے قبل روڈ کی مکمل بحالی کو ترجیحی بنیادوں پر یقینی بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے متعلقہ عملے کو ہدایت کی کہ بحالی کے کام میں مزید تیزی لائی جائے تاکہ سیاحوں کو کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

انہوں نے مزید کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت کی گڈ گورننس پالیسی کے تحت سیاحتی مقامات تک محفوظ اور بہتر رسائی فراہم کرنے کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں، جبکہ علاقے میں سیاحت کے فروغ اور مقامی معیشت کی بہتری کیلئے بھی اقدامات جاری ہیں۔