سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کا فیصلہ وفاق سے مشاورت کے بعد ہوگا، مراد علی شاہ

Spread the love

May27,2026,حیدرآباد / نیوز اینڈ نیوز

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ آئندہ مالی سال کے بجٹ میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے سے متعلق حتمی فیصلہ وفاقی حکومت سے مشاورت کے بعد کیا جائے گا، جبکہ حکومت کی پوری کوشش ہے کہ مہنگائی کے موجودہ دباؤ میں عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جائے۔

عیدالاضحیٰ کے موقع پر اپنی رہائش گاہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ سندھ حکومت ایک عوام دوست بجٹ پیش کرنے کی تیاری کر رہی ہے، جس میں غریب اور متوسط طبقے کے مسائل کو مدنظر رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی کے باعث عوام کو مشکلات کا سامنا ہے، اسی لیے حکومت کی ترجیح ہے کہ عام شہری پر کم سے کم مالی بوجھ ڈالا جائے۔

سید مراد علی شاہ نے 28ویں آئینی ترمیم سے متعلق خبروں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ اس حوالے سے زیر گردش تمام باتیں صرف میڈیا کی حد تک ہیں، نہ کوئی باضابطہ مجوزہ ترمیم سامنے آئی ہے اور نہ ہی صوبوں یا شہروں کی تقسیم سے متعلق کوئی سنجیدہ تجویز زیر غور ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ سندھ میں نئے اضلاع بنانے کا بھی کوئی منصوبہ نہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ صوبے میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی شفاف اور معیاری تکمیل حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے سیوھن بیوٹیفکیشن پلان میں ناقص میٹریل کے استعمال کا سخت نوٹس لیتے ہوئے چیف سیکرٹری سندھ کو تمام ترقیاتی منصوبوں کی خود نگرانی کی ہدایت جاری کی ہے تاکہ عوامی وسائل کا ضیاع روکا جا سکے اور منصوبے بہتر معیار کے مطابق مکمل ہوں۔

منچھر جھیل کی بحالی کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے مراد علی شاہ نے کہا کہ محکمہ آبپاشی اس اہم منصوبے پر متحرک ہے اور کوشش کی جا رہی ہے کہ جھیل کو دوبارہ اس کی اصل حالت میں بحال کیا جائے، تاکہ ماحولیاتی بہتری کے ساتھ ساتھ مقامی آبادی کو بھی فائدہ پہنچ سکے۔

بلوچستان میں دہشتگردی کے حالیہ واقعات پر اظہار افسوس کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ ملک دشمن قوتیں پاکستان کے امن کو نقصان پہنچانے کی کوشش کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگرد عناصر بیرونی سرپرستی میں کارروائیاں کر رہے ہیں اور ان کا مقصد ملک میں عدم استحکام پیدا کرنا ہے، تاہم پوری قوم اور سیکیورٹی ادارے ان سازشوں کا مقابلہ کرنے کیلئے متحد ہیں۔

انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ سندھ حکومت عوامی فلاح، ترقیاتی منصوبوں کی شفاف تکمیل اور صوبے میں امن و استحکام کے فروغ کیلئے اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔