لبیک اللّٰہم لبیک کی گونج؛ لاکھوں حجاج میدانِ عرفات میں رکنِ اعظم وقوفِ عرفہ ادا کرنے میں مصروف

Spread the love

روزینہ اسماعیل.May 26,2026

مکہ مکرمہ / نیوز اینڈ نیوز

مکہ مکرمہ: دنیا بھر سے آئے ہوئے لاکھوں فرزندانِ اسلام آج حج کے سب سے اہم اور مقدس رکن ’’وقوفِ عرفہ‘‘ کی ادائیگی کے لیے میدانِ عرفات میں جمع ہو گئے، جہاں فضا ’’لبیک اللّٰہم لبیک‘‘، ذکرِ الٰہی، توبہ و استغفار اور دعاؤں سے گونج اٹھی۔

حج کے روح پرور مناظر میں عازمینِ حج نے گزشتہ شب منیٰ کے خیموں میں قیام کیا، جہاں پوری رات عبادات، نوافل، تلاوتِ قرآن پاک، درود و اذکار اور استغفار میں گزاری گئی۔ صبح ہوتے ہی لاکھوں حجاج قافلوں کی صورت میں میدانِ عرفات کی جانب روانہ ہوئے، جہاں آج 9 ذوالحجہ کو رکنِ اعظم ادا کیا جا رہا ہے۔

حج کے موقع پر مسجد نمرہ سے خطبۂ حج دیا جا رہا ہے، جس میں امتِ مسلمہ کے اتحاد، تقویٰ، صبر، بھائی چارے اور قرآن و سنت پر عمل کی تلقین کی گئی۔ خطبے کے بعد حجاج کرام ظہر اور عصر کی نمازیں ایک ساتھ قصر کے ساتھ ادا کریں گے، جبکہ غروبِ آفتاب تک میدانِ عرفات میں دعاؤں اور مناجات کا سلسلہ جاری رہے گا۔

مذہبی ماہرین کے مطابق وقوفِ عرفہ حج کا بنیادی اور لازمی رکن ہے، جس کے بغیر حج مکمل نہیں ہوتا۔ اسی لیے لاکھوں حجاج آج اپنے رب کے حضور ہاتھ اٹھائے بخشش، رحمت اور مغفرت کی دعائیں مانگ رہے ہیں۔

غروبِ آفتاب کے بعد تمام حجاج بغیر مغرب ادا کیے مزدلفہ روانہ ہوں گے، جہاں مغرب اور عشاء کی نمازیں ایک ساتھ ادا کی جائیں گی اور رات کھلے آسمان تلے گزاری جائے گی۔ مزدلفہ ہی سے جمرات کے لیے کنکریاں بھی جمع کی جائیں گی۔

10 ذوالحجہ کو حجاج دوبارہ منیٰ پہنچ کر بڑے شیطان کو کنکریاں ماریں گے، قربانی ادا کریں گے، مرد حجاج سر منڈوائیں گے یا بال کٹوائیں گے، جس کے بعد احرام کھول دیا جائے گا۔ بعد ازاں حجاج مسجد الحرام میں طوافِ زیارت اور صفا و مروہ کی سعی ادا کریں گے۔

سعودی حکام نے اس سال شدید گرمی اور ہیٹ ویو کے خدشات کے پیشِ نظر حجاج کی سہولت کے لیے خصوصی انتظامات کیے ہیں۔ میدانِ عرفات، منیٰ اور دیگر مقدس مقامات پر جدید کولنگ سسٹمز، بڑے سایہ دار شیڈز، پانی کی پھوار چھوڑنے والے اسپرے سسٹمز، طبی کیمپس اور خصوصی پیدل راہداریاں قائم کی گئی ہیں تاکہ لاکھوں عازمین کو شدید گرمی میں زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کی جا سکے۔