

منصور احمد ,May 27,2026
کوئٹہ / نیوز اینڈ نیوز
گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل نے کہا ہے کہ موجودہ حالات میں قومی اتحاد، باہمی یکجہتی اور مشترکہ قومی سوچ کو مزید مضبوط بنانے کی اشد ضرورت ہے، کیونکہ دہشتگردی اور ملک دشمن سازشوں کا مقابلہ صرف متحد قوم ہی کر سکتی ہے۔
عیدالاضحیٰ کے موقع پر گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل نے گورنر ہاؤس کوئٹہ کی مسجد میں نمازِ عید ادا کی، اس موقع پر صوبائی وزیر محمد خان لہڑی، صوبائی سیکرٹریز، ایڈووکیٹ جنرل عدنان اور دیگر اعلیٰ حکام بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔ نمازِ عید کے بعد امتِ مسلمہ، پاکستان کی سلامتی، ترقی، استحکام اور قومی اتحاد کیلئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔
بعدازاں گورنر بلوچستان نے اراکینِ پارلیمنٹ، سرکاری افسران اور عوام الناس سے ملاقات کی اور انہیں عیدالاضحیٰ کی مبارکباد پیش کی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عید قربان ہمیں ایثار، قربانی، بھائی چارے اور اتحاد کا درس دیتی ہے، یہی جذبہ آج کے حالات میں قومی ضرورت بن چکا ہے۔
جعفر خان مندوخیل نے کوئٹہ کے علاقے چمن پھاٹک میں ہونے والے دہشتگرد حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے شہداء کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ سکیورٹی فورسز اور معصوم شہریوں نے وطنِ عزیز پاکستان کے دفاع، امن اور سالمیت کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا، قوم اپنے شہداء کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔
گورنر بلوچستان نے کہا کہ دہشتگرد عناصر پاکستان کے امن و استحکام کو نقصان پہنچانے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں، تاہم پوری قوم اپنی بہادر افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ موجودہ حالات میں سیاسی، سماجی اور قومی سطح پر اتحاد و یکجہتی کو فروغ دینا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بلوچستان کے عوام محبِ وطن ہیں اور صوبے میں امن، ترقی اور خوشحالی کیلئے حکومت تمام ممکنہ اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے تاکہ عوام کو محفوظ اور پُرامن ماحول فراہم کیا جا سکے۔