

محمود احمد May27,2026
حیدرآباد / نیوز اینڈ نیوز
سندھ کے سینئر وزیر اور صوبائی وزیر اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے خطے اور دنیا میں امن و استحکام کے فروغ کیلئے اہم اور مؤثر کردار ادا کیا ہے، جبکہ معاشرے میں نفرتوں کے خاتمے اور رواداری کے فروغ کی اشد ضرورت ہے۔
حیدرآباد کے علاقے راول ہاؤس ٹنڈوجام میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شرجیل میمن نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر تمام حجاج کرام اور عالمِ اسلام کو مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ حضرت ابراہیم علیہ السلام کی عظیم قربانی انسانیت کو ایثار، قربانی اور اللہ تعالیٰ کی رضا کیلئے ہر شے قربان کرنے کا درس دیتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عیدالاضحیٰ محبت، بھائی چارے اور اتحاد کا پیغام دیتی ہے، اس لیے تمام اختلافات بھلا کر خوشیوں کو مل جل کر منانا چاہیے۔
شرجیل انعام میمن نے سیاسی معاملات پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 28ویں آئینی ترمیم سے متعلق گردش کرنے والی خبریں محض قیاس آرائیاں ہیں، حکومت سے اس حوالے سے کوئی مشاورت نہیں کی گئی۔ انہوں نے واضح کیا کہ کراچی ہمیشہ سندھ کا حصہ تھا، ہے اور رہے گا۔
انہوں نے کہا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام ختم نہیں ہوگا کیونکہ یہ پروگرام غریب اور مستحق خواتین کی مالی معاونت کا اہم ذریعہ ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ عیدالاضحیٰ کے فوراً بعد حیدرآباد میں لطیف آباد تا حیدر چوک روٹ کا باقاعدہ آغاز کر دیا جائے گا۔
پانی کے مسائل سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ شہریوں کو بہتر سہولیات فراہم کرنے کیلئے مقامی انتظامیہ بھرپور اقدامات کر رہی ہے، جبکہ ریڈ لائن بی آر ٹی منصوبے پر بھی مسلسل کام جاری ہے۔ ان کے مطابق منصوبے کا آغاز حکومت سندھ نے کیا تھا اور وزیراعلیٰ سندھ سمیت متعلقہ حکام ہر ہفتے ترقیاتی کاموں کا جائزہ لے رہے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ اشیائے ضروریہ اور تعمیراتی لاگت میں اضافے کے باعث بعض مشکلات ضرور پیش آئیں، تاہم حکومت نے منصوبے کی بروقت تکمیل کیلئے کنٹریکٹر کو برقرار رکھنے کی ہر ممکن کوشش کی۔
منشیات کے خلاف جاری مہم کے حوالے سے شرجیل میمن نے کہا کہ منشیات ایک خطرناک ناسور ہے جو نوجوان نسل اور پورے خاندان کو تباہ کر دیتا ہے، اسی لیے پولیس منشیات فروش عناصر کے خلاف مؤثر کارروائیاں کر رہی ہے۔ انہوں نے میڈیا پر بھی زور دیا کہ وہ اس سماجی برائی کے خاتمے کیلئے حکومت کا ساتھ دے۔
خواتین کو بااختیار بنانے کے اقدامات پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ خواتین کو پنک اسکوٹیز فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ ڈرائیونگ ٹریننگ اور لائسنس کی سہولیات بھی مہیا کر رہی ہے۔ ان کے مطابق اس اسکیم سے قبل صرف 150 خواتین کے پاس ڈرائیونگ لائسنس تھا، جبکہ اب 25 ہزار خواتین لائسنس کیلئے درخواستیں دے چکی ہیں۔
شرجیل انعام میمن نے مزید کہا کہ غیر قانونی تجاوزات کے باعث ٹریفک کے مسائل میں اضافہ ہو رہا ہے، ایسے عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ بعض عناصر ترقیاتی منصوبوں کے مخالف ہیں، تاہم حکومت سندھ عوامی فلاح اور ترقی کے سفر کو ہر صورت جاری رکھے گی۔