

منصور احمد ,May 08,2026
راولپنڈی (نیوز اینڈ نیوز) ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات نہایت گہرے اور برادرانہ ہیں، سعودی عرب کی سلامتی پاکستان کیلئے انتہائی اہم ہے جبکہ حرمین شریفین کا دفاع ہر پاکستانی کیلئے باعثِ فخر اور اعزاز ہے۔
معرکہ حق کا ایک سال مکمل ہونے پر پاک فضائیہ اور پاک بحریہ کے افسران کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حرمین شریفین کی حفاظت سعودی عرب کی قومی سلامتی سے جڑی ہوئی ہے اور سعودی عرب کو کسی بھی قسم کا خطرہ پاکستان کیلئے بھی خطرہ تصور کیا جائے گا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ آپریشن “غضب للحق” دہشتگردی کے خلاف قومی حکمتِ عملی کا حصہ ہے اور آخری دہشتگرد کے خاتمے تک جنگ جاری رکھی جائے گی۔ انہوں نے افغانستان سے مطالبہ کیا کہ اپنی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال ہونے سے روکے۔
انہوں نے کہا کہ دہشتگردوں کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں اور پاکستان کئی دہائیوں سے دہشتگردی اور پراکسی جنگ کا سامنا کر رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے معرکہ حق میں اپنے سے کئی گنا بڑے دشمن کو شکست دے کر واضح پیغام دیا کہ ملکی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ تھا، ہے اور رہے گا جبکہ کشمیری عوام کو حق خودارادیت ملنا چاہیے۔ انہوں نے بھارت پر الزام عائد کیا کہ وہ خطے میں دہشتگردی کو بطور ریاستی ہتھیار استعمال کر رہا ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ پاک فوج کا سیاست سے کوئی تعلق نہیں اور سیاسی مسائل سیاسی قیادت کو بات چیت کے ذریعے حل کرنے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ہر قسم کی روایتی، غیر روایتی، سائبر اور بیانیاتی جنگ کیلئے مکمل تیار ہے اور قوم کو اپنی افواج پر مکمل اعتماد ہے۔