

محمود احمد May15,2026
کراچی (نیوز اینڈ نیوز)
منشیات فروشی کے الزامات میں گرفتار انمول عرف پنکی کے خلاف قانون کا گھیرا مزید تنگ ہو گیا ہے، جبکہ لاہور سے بھی اس کے خلاف ایک پرانے مقدمے کا انکشاف سامنے آنے کے بعد تفتیش کا دائرہ وسیع کر دیا گیا ہے۔
پولیس کے تحقیقاتی ونگ کے مطابق انمول عرف پنکی کے خلاف درج مقدمات کی فہرست مسلسل طویل ہوتی جا رہی ہے اور اب معلوم ہوا ہے کہ اس کے خلاف لاہور میں بھی ایک سنگین مقدمہ درج تھا، جس کے بعد اس کے مبینہ بین الصوبائی منشیات نیٹ ورک کی چھان بین شروع کر دی گئی ہے۔
تحقیقاتی حکام کے مطابق انمول پنکی کے خلاف یہ چوتھا مقدمہ دو ہزار چوبیس میں لاہور کے وحدت کالونی تھانے میں درج کیا گیا تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ یہ مقدمہ صابراں بی بی نامی خاتون کے خلاف درج ہوا تھا، جس کے قبضے سے بیس گرام کوکین برآمد ہوئی تھی۔
دورانِ تفتیش صابراں بی بی نے اعتراف کیا تھا کہ وہ منشیات کراچی میں موجود انمول عرف پنکی سے حاصل کرتی تھی۔
تحقیقات میں یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ صابراں بی بی کے بیان اور سنگین الزامات کے باوجود اس وقت انمول پنکی کو مقدمے میں اشتہاری قرار نہیں دیا گیا تھا۔
ذرائع کے مطابق پولیس اب اس پہلو کا ازسرِ نو جائزہ لے رہی ہے کہ ملزمہ کو اس وقت قانون کی گرفت سے دور کیوں رکھا گیا۔
تحقیقاتی ونگ نے مختلف شہروں کے تھانوں میں درج پرانے مقدمات اور ریکارڈز دوبارہ کھولنا شروع کر دیے ہیں، جبکہ متعلقہ ادارے اس بات کا بھی جائزہ لے رہے ہیں کہ ملزمہ کا مبینہ نیٹ ورک سندھ اور پنجاب کے درمیان کس طرح سرگرم تھا۔
پولیس حکام کے مطابق تمام شواہد، بیانات اور ریکارڈ کو یکجا کرکے مزید قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔