

محمود احمد May15,2026
بیجنگ (نیوز اینڈ نیوز):
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ چینی صدر شی جن پنگ بھی اس بات پر متفق ہیں کہ ایران کے پاس جوہری ہتھیار نہیں ہونے چاہئیں، جبکہ امریکہ اور چین کی سوچ ایران کے معاملے پر کافی حد تک یکساں ہے۔
عالمی ذرائع ابلاغ کے مطابق بیجنگ میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور چینی صدر شی جن پنگ کے درمیان اہم ملاقات ہوئی، جس کے دوران دونوں رہنماؤں نے عالمی امن، ایران، تجارت اور دوطرفہ تعلقات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
رپورٹس کے مطابق دونوں رہنماؤں نے بیجنگ کے حساس حکومتی کمپاؤنڈ ژونگ نان ہائی کے تاریخی باغات میں طویل چہل قدمی بھی کی۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ امریکہ اور چین اس بات پر متفق ہیں کہ ایران کو جوہری ہتھیار حاصل نہیں ہونے چاہئیں۔
انہوں نے کہا کہ صدر شی جن پنگ اس بات پر بھی متفق ہیں کہ عالمی تجارت کے لیے آبنائے ہرمز ہر صورت کھلا رہنا چاہیے۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ دونوں ممالک نے ایسے پیچیدہ مسائل کا حل تلاش کر لیا ہے جو ماضی میں کوئی حل نہیں کر سکا تھا۔
چینی صدر شی جن پنگ نے اس ملاقات کو دونوں ممالک کے تعلقات میں ایک تعمیری سنگ میل قرار دیتے ہوئے کہا کہ چین اور امریکہ کے درمیان تعلقات کو نئے انداز میں آگے بڑھایا جا رہا ہے۔
ملاقات کے دوران چینی صدر نے امریکی صدر کو تقریباً چار سو نوے سال پرانا تاریخی درخت بھی دکھایا اور دوستی کی علامت کے طور پر خصوصی تحفہ دینے کا وعدہ کیا۔
رپورٹس کے مطابق شی جن پنگ نے امریکی صدر کے لیے چینی گلابوں کے بیج بطور تحفہ بھیجنے کی ہدایت بھی کی، جس پر ڈونلڈ ٹرمپ نے خوشی کا اظہار کیا۔
ذرائع ابلاغ کے مطابق چینی صدر کے باضابطہ خطاب کے دوران صحافیوں کو کمرے سے باہر بھیج دیا گیا جبکہ براہ راست نشریات بھی روک دی گئیں، جس سے ملاقات کی حساس نوعیت ظاہر ہوئی۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اس دورے کے دوران ہونے والے تجارتی معاہدوں کو بھی بہترین قرار دیا۔