بورے والا، قتل میں ملوث جعلی پیر اور اس کا بیٹا گرفتار

Spread the love

کاشف عباسی ,May 15 ,2026

بورے والا (نیوز اینڈ نیوز)
بورے والا میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے قتل کے ایک سنگین مقدمے میں ملوث جعلی پیر اور اس کے بیٹے کو گرفتار کر لیا، جن پر شہری کو قتل کرنے اور لاکھوں روپے ہتھیانے کا الزام ہے۔

پولیس کے مطابق ملزمان نے روحانی علاج اور مسائل حل کرنے کا جھانسہ دے کر شہری شفقت سے پانچ لاکھ ساٹھ ہزار روپے وصول کیے تھے۔

تحقیقات کے مطابق رقم لینے کے بعد ملزمان نے مبینہ طور پر شہری شفقت کو قتل کر دیا اور واقعے کو چھپانے کی کوشش کرتے رہے۔

واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس نے جدید تفتیشی طریقوں اور شواہد کی مدد سے کارروائی کرتے ہوئے جعلی پیر اور اس کے بیٹے کو گرفتار کر لیا۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ دورانِ تفتیش ملزمان سے مزید اہم انکشافات متوقع ہیں جبکہ واقعے کے مختلف پہلوؤں پر تحقیقات جاری ہیں۔

ابتدائی تفتیش میں معلوم ہوا ہے کہ ملزمان لوگوں کو عامل، روحانی شخصیت اور مسائل حل کرنے والے پیر کے طور پر اپنے جال میں پھنساتے تھے اور مالی فائدہ حاصل کرتے تھے۔

پولیس نے بتایا کہ گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے جبکہ مقتول کے اہل خانہ نے ملزمان کو سخت سزا دینے کا مطالبہ کیا ہے۔