

کاشف عباسی ,May 15 ,2026
اسلام آباد (نیوز اینڈ نیوز):
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ مسلم لیگ نون کی قیادت میں وفاقی حکومت نے نئی آئینی ترمیم یا کسی نئی قانون سازی کے حوالے سے اب تک پیپلز پارٹی سے کوئی رابطہ نہیں کیا۔
پارلیمنٹ ہاؤس میں پیپلز پارٹی کی پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ وہ اور صدر آصف علی زرداری مسلسل وزیراعظم شہباز شریف سے رابطے میں ہیں، تاہم اٹھائیسویں آئینی ترمیم کے معاملے پر کوئی باضابطہ بات چیت نہیں ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی حمایت کے بغیر وفاقی حکومت کے لیے بجٹ سمیت کسی بھی اہم قانون سازی کی منظوری ممکن نہیں۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ چھبیسویں اور ستائیسویں آئینی ترامیم میں پیپلز پارٹی کا کردار سب کے سامنے ہے۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ صوبوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے مؤثر کردار ادا کیا اور کسی بھی ترمیم میں صوبائی اختیارات کم نہیں ہونے دیے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ قومی معاملات پر ان کی جماعت نے ہمیشہ ریاست اور جمہوریت کے مفاد میں فیصلے کیے ہیں اور آئندہ بھی تمام فیصلے عوامی مفاد کو سامنے رکھ کر کیے جائیں گے