جنگی صورتحال کے باوجود معاشی استحکام کے لیے حکومت پُرعزم، وزیراعظم شہباز شریف

Spread the love

کاشف عباسی ,May 15 ,2026

اسلام آباد (نیوز اینڈ نیوز)
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت جنگی صورتحال اور عالمی معاشی دباؤ کے باوجود ملک میں معاشی استحکام یقینی بنانے کے لیے پُرعزم ہے، جبکہ قومی معیشت کی بہتری کے لیے مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے۔

وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ امریکہ اور ایران کے درمیان کشیدگی اور جنگی صورتحال نے پاکستان سمیت پورے خطے کی معیشت کو متاثر کیا ہے، تاہم حکومت اپنی اقتصادی پالیسیوں کے ذریعے استحکام برقرار رکھنے کے لیے مسلسل اقدامات کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ دو برس کے دوران معاشی ٹیم نے بھرپور محنت کی، جس کے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں اور ملک میں معاشی استحکام ممکن ہوا ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ عالمی توانائی بحران اور جنگی اثرات کے باعث مختلف ممالک کو ایندھن کی قلت اور کفایت شعاری جیسے اقدامات کرنا پڑے، لیکن پاکستان نے مشکل حالات میں بھی معیشت کو سنبھالنے کی کوشش کی۔

انہوں نے کہا کہ یہ ایک مشکل اور طویل سفر ہے، تاہم وہ قومیں کامیاب ہوتی ہیں جو اپنے چیلنجز کا ڈٹ کر مقابلہ کرتی ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان کو مضبوط معاشی طاقت بنانے کے لیے قومی یکجہتی اور مشترکہ کوششوں پر زور دیا۔

وفاقی کابینہ کے اجلاس میں ملک بھر میں گندم کی خرید و فروخت سے متعلق مسائل کا بھی جائزہ لیا گیا، جس کے بعد اس معاملے کی تحقیقات اور حل کے لیے کابینہ کی خصوصی کمیٹی قائم کرنے کی منظوری دی گئی۔

اجلاس میں حج آپریشنز کے لیے احتسابی نظام قائم کرنے کی بھی منظوری دی گئی تاکہ وزارت مذہبی امور اور نجی حج آپریٹرز کی نگرانی کے ذریعے حجاج کرام کے حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔

کابینہ نے وزارت داخلہ کی سفارش پر فراش ٹاؤن میں کم لاگت رہائشی منصوبے کی تعمیر و ترقی کا کام کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے سپرد کرنے کی منظوری بھی دی۔

دریں اثنا ایک الگ اجلاس میں وزیراعظم نے حکام کو ہدایت کی کہ شہروں کے بے ہنگم پھیلاؤ کو روکا جائے اور افقی تعمیرات کے بجائے بلند و بالا عمارتوں اور عمودی توسیع کو فروغ دیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ بڑے شہروں میں جدید طرز کی بلند عمارتوں کی تعمیر وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ زمین کے بہتر استعمال کو یقینی بنایا جا سکے۔