اسلام آباد (نیوز اینڈ نیوز):
پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور وزیراعلیٰ بلوچستان کے مشیر صاحبزادہ زین سلطان سردار حمزہ عباسی نے وفاقی وزیر سید عمران شاہ سے اہم ملاقات کی، جس میں بلوچستان کی سیاسی صورتحال، ترقیاتی منصوبوں، نوجوانوں کے مسائل اور عوامی فلاح و بہبود کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران سردار حمزہ عباسی نے کہا کہ بلوچستان پاکستان کا ایک اہم صوبہ ہے اور اس کی ترقی ملک کی مجموعی خوشحالی سے جڑی ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ہمیشہ عوامی خدمت، جمہوریت کے استحکام اور محروم طبقات کے حقوق کے تحفظ کے لیے آواز بلند کرتی رہی ہے۔
سردار حمزہ عباسی کا کہنا تھا کہ بلوچستان کے نوجوان بے پناہ صلاحیتوں کے مالک ہیں، تاہم انہیں تعلیم، روزگار اور ترقی کے مساوی مواقع فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ وہ ملک و قوم کی تعمیر و ترقی میں مؤثر کردار ادا کر سکیں۔
انہوں نے کہا کہ وفاق اور صوبے کے درمیان مضبوط روابط اور باہمی تعاون کے ذریعے ہی بلوچستان کے دیرینہ مسائل کا مستقل حل ممکن بنایا جا سکتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت عوامی مسائل کے حل اور ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے جبکہ دور دراز علاقوں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی کو ترجیح دی جا رہی ہے۔
سردار حمزہ عباسی نے اس امید کا اظہار بھی کیا کہ تمام سیاسی اور سماجی قوتیں مل کر بلوچستان میں امن، ترقی اور خوشحالی کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کریں گی۔
اس موقع پر وفاقی وزیر سید عمران شاہ نے بلوچستان کی ترقی اور عوامی فلاح کے لیے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت صوبے میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی جلد تکمیل اور عوامی بہتری کے لیے عملی اقدامات جاری رکھے گی۔
ملاقات خوشگوار ماحول میں ہوئی جبکہ دونوں رہنماؤں نے آئندہ بھی رابطے اور مشاورت کا سلسلہ جاری رکھنے پر اتفاق کیا