پنجاب میں عیدالاضحیٰ تک سمارٹ لاک ڈاؤن ختم، تاجروں کی احتجاجی تحریک کامیاب قرار

Spread the love

منصور احمد ,May 16,2026

لاہور (نیوز اینڈ نیوز)
مرکزی تنظیم تاجران پاکستان کی مسلسل جدوجہد اور احتجاجی تحریک کے بعد پنجاب حکومت نے عیدالاضحیٰ تک صوبے بھر میں سمارٹ لاک ڈاؤن ختم کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

حکومت پنجاب کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق مارکیٹوں، بازاروں، شاپنگ مالز، ہوٹلز، ریسٹورنٹس اور فوڈ آؤٹ لیٹس کو مقررہ بندش اوقات سے استثنیٰ دے دیا گیا ہے، جس کے بعد کاروباری سرگرمیاں معمول کے مطابق جاری رہ سکیں گی۔

تاہم وفاقی حکومت سمیت سندھ، خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں تاحال سمارٹ لاک ڈاؤن ختم کرنے سے متعلق کوئی نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا گیا۔

مرکزی تنظیم تاجران پاکستان نے پنجاب حکومت کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے تاجروں کے اتحاد، یکجہتی اور پرامن جدوجہد کی کامیابی قرار دیا ہے۔

صدر مرکزی تنظیم تاجران پاکستان کاشف چوہدری نے مطالبہ کیا کہ وفاقی حکومت اور دیگر صوبے بھی فوری طور پر اسی نوعیت کے نوٹیفکیشن جاری کریں تاکہ تاجروں کو ریلیف مل سکے۔

انہوں نے خبردار کیا کہ اگر وفاق اور دیگر صوبوں میں تاجروں کو ریلیف نہ دیا گیا تو تاجر برادری خود سمارٹ لاک ڈاؤن ختم کرتے ہوئے پرانے اوقات کار کے مطابق کاروبار کھول دے گی اور ملک بھر کی مارکیٹیں معمول کے مطابق چلائی جائیں گی۔

کاشف چوہدری نے پنجاب، سندھ، خیبرپختونخوا، بلوچستان اور وفاقی دارالحکومت سمیت ملک بھر کی تاجر تنظیموں اور مارکیٹوں کی جانب سے احتجاجی کال پر بھرپور یکجہتی دکھانے پر شکریہ بھی ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ تاجروں کا روزگار، سرمایہ اور کاروبار ان کا بنیادی حق ہے اور کسی ادارے کو یہ اختیار حاصل نہیں کہ تاجروں کو معاشی طور پر مفلوج کرے یا ان کی تذلیل کرے۔

صدر مرکزی تنظیم تاجران پاکستان نے مزید کہا کہ اگر کسی تاجر کے خلاف کارروائی یا مقدمہ درج کیا گیا تو تنظیم کی قانونی ٹیمیں فوری طور پر متاثرہ تاجروں کا دفاع کریں گی۔