خلیجی ممالک اب امریکی فوجی اڈوں کیلئے ڈھال نہیں بنیں گے، مجتبیٰ خامنہ ای کا سخت پیغام

Spread the love

محمود احمد May26,2026

تہران/ نیوز اینڈ نیوز

ایران کے سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای نے یومِ عرفہ کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں امریکہ اور اسرائیل پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ مشرقِ وسطیٰ میں طاقت کا توازن تبدیل ہو رہا ہے اور خلیجی ممالک اب امریکی فوجی اڈوں کیلئے ڈھال کا کردار ادا نہیں کریں گے۔

ایرانی میڈیا کے مطابق مجتبیٰ خامنہ ای نے امتِ مسلمہ کے نام اپنے خطاب میں کہا کہ خطے کے حالات اب پہلے جیسے نہیں رہے اور وقت کی سوئی کسی صورت پیچھے نہیں جائے گی، اس لیے امریکہ پر انحصار کرنے والے ممالک کو اپنی پالیسیوں اور فیصلوں پر نظرِ ثانی کرنا ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ امریکہ اب مشرقِ وسطیٰ میں سازشوں اور مداخلت کیلئے محفوظ ماحول حاصل نہیں کر سکے گا، جبکہ خطے کے ممالک کو اپنے مشترکہ مفادات کے تحفظ کیلئے باہمی اتحاد، تعاون اور آزاد علاقائی نظام کی تشکیل پر توجہ دینی چاہیے۔

ایرانی سپریم لیڈر نے اسرائیل کے حوالے سے بھی سخت مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل تیزی سے اپنے زوال کی طرف بڑھ رہا ہے اور اب کوئی طاقت اسے بچا نہیں سکتی۔ ان کا کہنا تھا کہ مستقبل اسلامی اقوام کا ہے اور مسلم دنیا کو سیاسی، معاشی اور دفاعی میدان میں مشترکہ حکمتِ عملی اختیار کرنا ہوگی۔

مجتبیٰ خامنہ ای نے کہا کہ امتِ مسلمہ کے ممالک کو بیرونی طاقتوں پر انحصار کم کرکے آپس میں دوستی، تعاون اور اتحاد کو فروغ دینا چاہیے تاکہ خطے میں پائیدار امن اور ترقی ممکن بنائی جا سکے۔

انہوں نے ایران کے خلاف ماضی میں ہونے والی کارروائیوں اور حالیہ کشیدگی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ایرانی قوم نے ایمان، استقامت اور اتحاد کے ذریعے تمام دباؤ کا مقابلہ کیا ہے۔ ان کے بقول دشمن ایران کو جھکانے اور ہتھیار ڈالنے پر مجبور کرنے میں ناکام رہا۔

ایرانی سپریم لیڈر نے اپنے پیغام کے اختتام پر کہا کہ ایران اپنے اصولی مؤقف پر قائم رہے گا اور امریکی دباؤ یا دھمکیوں کے سامنے کسی قسم کی پسپائی اختیار نہیں کرے گا۔ انہوں نے زور دیا کہ مسلم دنیا کو موجودہ عالمی حالات میں اتحاد اور خودمختاری کا راستہ اپنانا ہوگا۔