صومالیہ کے ساحل پر اغوا شدہ 10 پاکستانیوں کے اہل خانہ کا احتجاج، حکومت سے فوری بازیابی کا مطالبہ

کاشف عباسی ,May 14 ,2026

کراچی (نیوز اینڈ نیوز): صومالیہ کے ساحل پر قزاقوں کے ہاتھوں اغوا ہونے والے آئل ٹینکر پر سوار 10 پاکستانیوں کے اہل خانہ نے اپنوں کی بازیابی کے لیے شدید احتجاج کیا ہے۔ احتجاج میں خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد شریک تھی جنہوں نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے۔

حکومتی خاموشی پر شدید غم و غصہ مظاہرین نے بینرز پر "کوئی کارروائی نہیں، کوئی بیان نہیں” جیسے نعرے درج کر رکھے تھے جو حکومتی مبینہ سرد مہری کے خلاف احتجاج کی عکاسی کر رہے تھے۔ اہل خانہ کا موقف ہے کہ 21 اپریل کو پیش آنے والے اس افسوسناک واقعے کو کئی دن بیت چکے ہیں، مگر اب تک حکومت کی جانب سے کوئی ٹھوس قدم اٹھایا گیا ہے اور نہ ہی کوئی باقاعدہ بیان سامنے آیا ہے۔

سفارتی اقدامات کا مطالبہ مظاہرین نے وفاقی حکومت اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ صومالی قزاقوں کے چنگل سے پاکستانیوں کو چھڑانے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر سفارتی اور حفاظتی اقدامات کیے جائیں۔ اہل خانہ کا کہنا تھا کہ انتظار کی گھڑیاں اب ان کے لیے ناقابلِ برداشت ہو چکی ہیں اور وہ اپنے پیاروں کی باحفاظت واپسی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔