فیلڈ مارشل عاصم منیر کا کوئٹہ گیریژن کا دورہ، افسران کو جدید جنگی چیلنجز سے ہم آہنگ رہنے کی ہدایت

Spread the love

منصور احمد ,May 19,2026

رپورٹ: نیوز اینڈ نیوز

کوئٹہ: پاک فوج کے سربراہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کوئٹہ گیریژن کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج میں افسران اور فیکلٹی سے خطاب کرتے ہوئے بدلتے جنگی ماحول اور جدید تقاضوں کے مطابق مسلسل پیشہ ورانہ تیاری کی ضرورت پر زور دیا۔

پاک فوج کے شعبۂ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج کو اعلیٰ تربیتی معیار، فکری صلاحیت اور پیشہ ورانہ مہارت کی علامت قرار دیتے ہوئے کہا کہ افسران اور جوانوں کو ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز، ملٹی ڈومین آپریشنز اور جدید جنگی حکمت عملی سے ہم آہنگ رہنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ پیشہ ورانہ مہارت، آپریشنل تیاری اور برتری برقرار رکھنا وقت کی اہم ضرورت ہے، جبکہ افسران اور جوان بدلتے ہوئے جنگی ماحول کے مطابق خود کو مسلسل تیار رکھیں۔

بلوچستان میں تعینات افسران اور جوانوں سے ملاقات کے دوران فیلڈ مارشل نے ان کے بلند حوصلے اور آپریشنل تیاری کو سراہا اور کہا کہ پاکستانی عوام کی غیر متزلزل حمایت سے مسلح افواج دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پُرعزم ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ترقی کا سفر پروپیگنڈے، جعلی خبروں یا بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی سے نہیں روکا جا سکتا۔ “پاکستان دنیا میں اپنا بلند مقام حاصل کر رہا ہے اور پراکسیز و پروپیگنڈے کے ذریعے اس کی پیشرفت روکنے کی تمام کوششیں ناکام ہوں گی۔”

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے بلوچستان میں پائیدار امن و استحکام کے لیے عوامی فلاح، جامع ترقی اور بہتر طرزِ حکمرانی کو ناگزیر قرار دیتے ہوئے حکومت بلوچستان کی سماجی و معاشی ترقی اور عوامی بہبود کے لیے اقدامات کو سراہا۔

انہوں نے صوبے میں امن، استحکام اور ریاستی عملداری برقرار رکھنے میں سیکیورٹی فورسز کے کردار کی بھی تعریف کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق کوئٹہ آمد پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا استقبال کمانڈر کوئٹہ کور نے کیا۔