

کاشف عباسی ,May 19 ,2026
رپورٹ: نیوز اینڈ نیوز
لوئر جنوبی وزیرستان: وانا کے مصروف رستم بازار میں پیر کی صبح ہونے والے بارودی دھماکے میں معروف قبائلی رہنما اور احمدزئی وزیر قبیلے کے سربراہ ملک طارق وزیر سمیت تین افراد جاں بحق جبکہ متعدد افراد زخمی ہوگئے۔
حکام کے مطابق دھماکہ گلشن پلازہ کے قریب اس وقت ہوا جب ملک طارق وزیر کی گاڑی بازار سے گزر رہی تھی۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر محمد طاہر شاہ وزیر کے مطابق دھماکہ دیسی ساختہ بم (IED) کے ذریعے کیا گیا، جس کے نتیجے میں تین افراد موقع پر ہی جان کی بازی ہار گئے جبکہ چار سے زائد افراد زخمی ہوئے۔
ملک طارق وزیر کو لوئر جنوبی وزیرستان میں ایک بااثر قبائلی شخصیت کے طور پر جانا جاتا تھا، جو قبائلی تنازعات کے حل اور خطے میں امن کے قیام کے لیے جرگوں میں فعال کردار ادا کرتے رہے تھے۔
واقعے کے فوراً بعد سیکیورٹی فورسز، پولیس اور امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں، علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کیا گیا جبکہ زخمیوں اور جاں بحق افراد کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا۔
حکام نے دھماکے کی نوعیت اور ذمہ دار عناصر کے تعین کے لیے تحقیقات شروع کر دی ہیں، جبکہ علاقے میں سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے۔
دوسری جانب باجوڑ میں پولیو ٹیموں کی سیکیورٹی پر مامور دو پولیس اہلکاروں کی شہادت کی اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں، جس کے بعد صوبے میں امن و امان کی صورتحال پر تشویش میں اضافہ ہوا ہے۔