بھارتی آرمی چیف کا بیان اشتعال انگیز اور خطے کے امن کیلئے خطرناک ہے، آئی ایس پی آر

Spread the love

منصور احمد ,May 17,2026

راولپنڈی: پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) نے بھارتی آرمی چیف کے حالیہ بیان کو اشتعال انگیز، غیر ذمہ دارانہ اور خطے کے امن و استحکام کیلئے خطرناک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان ایک ذمہ دار اور ایٹمی صلاحیت رکھنے والی اہم ریاست ہے، جس کے خلاف دھمکی آمیز زبان ناقابل قبول ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق بھارت آج تک پاکستان کے وجود کو دل سے تسلیم نہیں کر سکا، جبکہ ہندوتوا سوچ نے جنوبی ایشیا کو متعدد بار جنگوں، کشیدگی اور بحرانوں کی طرف دھکیلا ہے۔ ترجمان پاک فوج نے کہا کہ پاکستان کو جغرافیے سے مٹانے جیسے بیانات ذہنی دیوالیہ پن، جنگی جنون اور غیر سنجیدہ سوچ کی عکاسی کرتے ہیں۔

بیان میں کہا گیا کہ کسی ایٹمی ہمسائے کو ختم کرنے کی بات کرنا انتہائی غیر ذمہ دارانہ رویہ ہے، جبکہ ذمہ دار ایٹمی طاقتیں ہمیشہ تحمل، تدبر اور سنجیدگی کا مظاہرہ کرتی ہیں۔

آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ بھارت خطے میں دہشتگردی، عدم استحکام اور پروپیگنڈے کا ایک بڑا مرکز رہا ہے، جبکہ پاکستان کے خلاف مسلسل جارحانہ زبان اس بات کا ثبوت ہے کہ بھارت اپنے مذموم عزائم میں ناکام رہا ہے۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق “معرکۂ حق” میں بھارت کی ناکامی دنیا کے سامنے واضح ہو چکی ہے اور اب بھارت کو خطے کو نئی جنگ یا کسی بڑے بحران کی طرف دھکیلنے سے باز رہنا چاہیے۔

آئی ایس پی آر نے خبردار کیا کہ پاکستان کے خلاف کسی بھی قسم کی جارحیت کے نتائج محدود نہیں رہیں گے۔ بیان میں اس بات پر زور دیا گیا کہ بھارت کو پاکستان کے ساتھ پُرامن بقائے باہمی، علاقائی استحکام اور ذمہ دارانہ طرزِ عمل سیکھنا ہوگا