

منصور احمد ,May 25,2026
مردان/نیوز اینڈ نیوز
سوات ایکسپریس وے پر پیش آنے والے ہولناک ٹریفک حادثے میں کم از کم 16 افراد جاں بحق جبکہ 6 افراد زخمی ہو گئے۔ حادثہ ایک مسافر وین اور سڑک کنارے کھڑی بس کے درمیان پیش آیا، جس کے بعد علاقے میں شدید افسوس اور خوف و ہراس پھیل گیا۔
ترجمان نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کے مطابق حادثے کی اطلاع ملتے ہی موٹروے پولیس اور امدادی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں اور ریسکیو کارروائیاں شروع کر دیں۔
حکام کے مطابق تمام جاں بحق افراد کی لاشوں اور زخمیوں کو فوری طور پر مردان میڈیکل کمپلیکس منتقل کر دیا گیا، جہاں زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق حادثہ وین ڈرائیور کی غفلت اور تیز رفتاری کے باعث پیش آیا۔ بتایا گیا ہے کہ وین پیچھے سے آ کر سڑک کے کنارے کھڑی بس سے ٹکرا گئی، جس کے نتیجے میں شدید جانی نقصان ہوا۔
موٹروے پولیس کے مطابق بس کراچی سے بونیر جا رہی تھی جبکہ مسافر وین راولپنڈی سے دیر کی جانب رواں دواں تھی۔ حادثے کے بعد سوات ایکسپریس وے پر ٹریفک کی روانی بھی کچھ دیر متاثر رہی۔
ذرائع کے مطابق موٹروے نارتھ زون کے ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) بھی صورتحال کا جائزہ لینے اور زخمیوں کی عیادت کے لیے ہسپتال پہنچ گئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں اور حادثے کی مکمل رپورٹ جلد مرتب کی جائے گی۔