

محمود احمد May25,2026
اسلام آباد /نیویارک/ نیوز اینڈ نیوز
نیویارک: پاکستان کے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار چین کے دارالحکومت بیجنگ سے تین روزہ دورے پر نیویارک روانہ ہو رہے ہیں، جہاں وہ اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کے اہم اجلاسوں اور عالمی گورننس سے متعلق اعلیٰ سطحی ملاقاتوں میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔
دفتر خارجہ کے مطابق اسحاق ڈار 26 سے 28 مئی تک نیویارک میں قیام کریں گے اور 26 مئی کو اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل میں ہونے والے اہم اوپن ڈیبیٹ میں شرکت کریں گے، جس کا موضوع ’’بین الاقوامی امن و سلامتی کا تحفظ، اقوام متحدہ کے منشور کے اصولوں کا فروغ اور اقوام متحدہ کے مرکزی کردار کو مضبوط بنانا‘‘ رکھا گیا ہے۔
یہ اہم اجلاس سلامتی کونسل کی مئی 2026 کی گردشی صدارت رکھنے والے چین کی جانب سے طلب کیا گیا ہے، جبکہ اجلاس کی صدارت چینی وزیر خارجہ وانگ یی کریں گے۔
پاکستان نے چین کے اس اقدام کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے موجودہ عالمی حالات میں ایک بروقت اور اہم سفارتی پیش رفت قرار دیا ہے۔ دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان سمجھتا ہے کہ پیچیدہ عالمی چیلنجز سے نمٹنے کیلئے کثیرالجہتی تعاون، بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کے مؤثر کردار کو مزید مضبوط بنانا ناگزیر ہو چکا ہے۔
دورے کے دوران نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ 28 مئی کو ’’گروپ آف فرینڈز آن گلوبل گورننس‘‘ کے اجلاس میں بھی شرکت کریں گے، جس کا مرکزی موضوع ’’عالمی گورننس میں اصلاحات اور عالمی چیلنجز سے مشترکہ طور پر نمٹنا‘‘ ہوگا۔
ذرائع کے مطابق اسحاق ڈار اپنے دورہ نیویارک کے موقع پر مختلف ممالک کے وزرائے خارجہ، اعلیٰ سفارتی شخصیات اور اقوام متحدہ کے سینئر حکام سے بھی دوطرفہ ملاقاتیں کریں گے، جن میں خطے کی صورتحال، عالمی امن، اقتصادی تعاون اور سفارتی امور پر تبادلہ خیال متوقع ہے۔
پاکستان نے ایک بار پھر اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ وہ عالمی امن، سلامتی، ترقی اور مؤثر کثیرالجہتی نظام کے فروغ کیلئے اپنا مثبت اور تعمیری کردار جاری رکھے گا۔