وفاقی وزیر پروفیسر احسن اقبال کی یو این ڈی پی کے ایڈمنسٹریٹر الیگزینڈر ڈی کرو سے نیویارک میں ملاقات

Spread the love

محمود احمد, JULY 14,2026

نیویارک (نیوز اینڈ نیوز) — 14 جولائی 2026ء

وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات، پروفیسر احسن اقبال نے نیویارک میں واقع یو این ڈی پی کے مرکزی ہیڈ کوارٹر میں یو این ڈی پی کے ایڈمنسٹریٹر الیگزینڈر ڈی کرو سے ایک اہم اور تزویراتی ملاقات کی ہے۔ اس ملاقات کے دوران پاکستان اور اقوامِ متحدہ کے ترقیاتی پروگرام کے مابین برسوں پر محیط دیرینہ شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا، جبکہ پاکستان کی کلیدی ترقیاتی ترجیحات بشمول ماحولیاتی لچک ، مصنوعی ذہانت کے لیے تیاری، گورننس میں اصلاحات، پائیدار ترقی کے اہداف کی لوکلائزیشن، ابتدائی بچپن کی نشوونما اور شواہد پر مبنی پالیسی سازی کو آگے بڑھانے پر خصوصی توجہ مرکوز کی گئی۔

موقر ملاقات کے دوران وفاقی وزیر پروفیسر احسن اقبال نے اس بات پر زور دیا کہ ترقیاتی تعاون کو پاکستان کی قومی ترجیحات کے ساتھ ہم آہنگ کرنا، ادارہ جاتی استعداد کار کو مضبوط بنانا اور پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول میں تیزی لانے کے لیے جدید اور اختراعی شراکت داریوں کو متحرک کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے یو این ڈی پی کے ساتھ مل کر ان شعبوں میں مربوط حکمتِ عملی اپنانے کی ضرورت پر روشنی ڈالی جو پاکستان کے مستقبل کے معاشی و سماجی استحکام کے لیے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔

اس موقع پر، وفاقی وزیر پروفیسر احسن اقبال نے وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی جانب سے یو این ڈی پی کے ایڈمنسٹریٹر الیگزینڈر ڈی کرو کو پاکستان کا دورہ کرنے کی باضابطہ دعوت بھی دی۔ دونوں رہنماؤں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان اور یو این ڈی پی کے مابین یہ تعاون مستقبل میں ملک کے ترقیاتی اہداف کو مزید مقتدر اور مستحکم بنانے میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔